تعلیمی شعبہ کے مسائل کو حل کرنے میں حکومت ناکام

   

نارائن پیٹ میں طلبہ تنظیموں کا بند مکمل کامیاب ، یونین کے قائدین کا خطاب

نارائن پیٹ /12 جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ایس ایف آئی، پی ڈی ایس یو، لیفٹ اسٹوڈنٹ یونینز کی اپیل پر آج نارائن پیٹ تعلیمی اداروں کا بند مکمل اور کامیاب رہا ۔اس موقع پر بائیں بازو کے طلبہ یونین ایس ایف آئی کے ضلع جنرل سکریٹری نرہری اور PDSU کے ضلع صدر سائی کمار نے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت تلنگانہ بھر میں تعلیمی شعبہ کے مسائل کو حل کرنے میں ناکام رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبا کی گھٹتی تعداد کا بہانہ بنا کرپرائیویٹ اور کارپوریٹ تعلیمی اداروں کو چلانے کی اجازت دے کر پبلک ایجوکیشن سیکٹر کو کمزور کیا جا رہا ہے۔انہوں اپنے مطالبات میں کہا کہ میں ریاست بھر کے سرکاری اسکولوں میں طلباء کو مکمل نصابی کتابیں اور 2 جوڑے یونیفارم فراہم کیے جائیں۔ ریاست میں سرکاری تعلیمی اداروں میں خالی تدریسی اور غیر تدریسی جائیدادوں کو پْر کی جائیں اور بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں۔ ہمارا گاوں ، ہمارا اسکول اوربستی اسکیم تمام اسکولوں پر لاگو کی جائے، زیر التوا وظائف فوری جاری کیے جائیں۔ کارپوریٹ اور نجی تعلیمی اداروں میں من مانی طور پر وصول کی جانے والی فیسوں کو کنٹرول کرنے کیلئے فیس کنٹرول ایکٹ بنایا جائے۔ سرکاری اسکولوں کو بند کرنا بند کیا جائے۔. RTC بسیں ہر دور دراز گاؤں تک چلنی چاہئے ۔اس پروگرام میں ایس ایف آئی کے ضلع جوائنٹ سکریٹری روی کرن، پی ڈی ایس یو کے ضلع قائدین گنیش، ایس ایف آئی کے ضلع قائدین سسیکرن وجے کمار، محمد، پی ڈی ایس یو کے ضلعی قائدین سائی، وینکٹیش اور دیگر نے شرکت کی ۔