تعلیم ہی طلبہ کیلئے مستقل اثاثہشعور بیداری پروگرام سے مدھو سدھن ریڈی کا خطاب

   

گمبھی راؤ پیٹ، سرسلہ۔28 فبروری ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) دتاسائی فنکشن ہال گمبھی راو پیٹ میں گزیٹیڈ ٹیچرس اسوسی ایشن کے زیراہتمام ضلع پریشد ہائی اسکولوں اور منڈل کے شامل اقامتی اسکولوں میں زیر تعلیم طلباء کے لیے جو دسویں کی تیاری کررہے ہیں امتحانات سے متعلق شعور بیداری اور ہمت افزائی سے متعلق ایک پروگرام کا انعقاد عمل میں لایا گیا،جس کو مہمان خصوصی کے طور پر ایس آر آر کالج کریم نگر کے سابق پرنسپل مدھوسودن ریڈی نے مخاطب کرتے ہوئے طلبہ کو ٹارگٹ اورینٹیشن پر امتحان کی تیاری کیلئے ضروری ہدایتیں اور مشورہ دیا۔ مدھوسودن ریڈی نے کہا کہ عام طور پر طلبہ امتحانات کو لے کر پریشان رہتے ہیں ، دسویں جماعت کے بعد کا مرحلہ طلباء کی زندگی میں بہت اہم ہے طلباء کو اس مرحلہ پرتقریباً پورے مستقبل کا فیصلہ یہیں کرنا ہوتا ہے ۔انہوں نے طلباء کو مشورہ دیا کہ امتحانات لکھتے وقت ایک یا دو بار خاموشی سے سوالیہ پرچہ پڑھیں اور سوالات کے جوابات لکھیں۔ انہوں نے کہا کہ طالب علم کے کیریئر کا تعین کرنے والا اہم موڑ دسویں جماعت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دسویں جماعت کے بعد مختلف کورسز میں کسکس قسم کے مواقع ہیں۔انہوں نے طلباء سے کہا کہ وہ اچھی طرح سے تعلیم حاصل کریں اور مستقبل میں معاشرے کی خدمت کریں کیونکہ صرف تعلیم ہی ہر ایک کے لیے مستقل اثاثہ بن سکتی ہے اور وہ اس وقت ہی نتائج حاصل کریں گے جب ہدف کا تعین ہو گا۔ گمبھی راوپیٹ منڈل اسکولوں کے گزیٹیڈ پرنسپلس اور مختلف اسکولوں کے اساتذہ نے پروگرام میں حصہ لیا۔