اندراماں مکانات اسکیم کے کاموں کا جائزہ ۔ ضلع کلکٹر کا خطاب
کاماریڈی ۔3 جون ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) کاماریڈی ضلع کلکٹر آشیش سانگوان نے آج سداشیو نگر منڈل کے موڈیگام گاؤں میں جاری اندرامّا ہاؤسنگ اسکیم کے تحت مکانات کی تعمیراتی پیشرفت کا جائزہ لیا اور متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ تعمیراتی کاموں کو تیز رفتاری کے ساتھ مکمل کرتے ہوئے مستحقین کو جلد از جلد رہائشی سہولت فراہم کی جائے۔ انہوں نے زیر تعمیر مکانات کا معائنہ کرتے ہوئے معیار اور رفتار دونوں پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔اس موقع پر کلکٹر آشیش سنگوان نے مستحق خاتون سائیوا سے ملاقات کی، جن کا مکان گزشتہ برس شدید بارشوں کے باعث منہدم ہوگیا تھا۔ سائیوا نے بتایا کہ وہ پہلے ایک کچی جھونپڑی میں رہائش پذیر تھیں اور بارشوں کے دوران اپنا گھر کھو بیٹھی تھیں، تاہم اب حکومت کی جانب سے فراہم کیے جانے والے اندراما مکان کے ذریعے انہیں محفوظ رہائش میسر آنے والی ہے جس پر انہوں نے خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہیں اور حکومت غریب خاندانوں کی مدد کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔ضلع کلکٹر آشیش سانگوان نے اس موقع پر کہا کہ حکومت کا مقصد ہر مستحق غریب خاندان کو باعزت اور محفوظ رہائش فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ اندرامّا مکانات کی تعمیر مقررہ مدت کے اندر اور معیاری انداز میں مکمل کی جائے۔ انہوں نے مستحقین کو مشورہ دیا کہ وہ ان قرضوں کا مؤثر استعمال کرتے ہوئے خود روزگار کے مواقع پیدا کریں اور اپنے خاندانوں کی معاشی ترقی میں حصہ لیں۔اس موقع پر پی ڈی ہاؤسنگ وجئے پال ریڈی، ایم آر او ستیہ نارائن، ایم پی ڈی او، ایم پی او، پنچایت سکریٹری اور دیگر متعلقہ عہدیدار بھی موجود تھے۔
بودھن میں اندراماں اسکیم کے مکانات کا افتتاح
بودھن ۔3 جون ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) مشیر حکومت تلنگانہ و رکن اسمبلی بودھن پی سدرشن ریڈی نے آج 3 جون کو حلقہ اسمبلی بودھن میں اندراماں ہاؤزنگ اسکیم کے تحت نو تعمیر کردہ ڈبل بیڈروم مکانات کا اپنے آبائی مقام موضع سیرن پلی میںرسم افتتاح انجام دیا ۔ بعد ازاں انہوں نے نوی پیٹ، رنجل منڈلوں کا دورہ کیا اور وہاں پر تعمیر کردہ ڈبل بیڈروم مکانات کا بھی افتتاح انجام دیا۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ بی آر ایس حکومت نے اپنے دس سالہ دور حکومت میں ڈبل بیڈروم مکانات تعمیر کرنے والوں کا صرف استحصال کیا لیکن کانگرس حکومت برسراقتدار آنے کے بعد اپنے انتخابی منشور کے مطابق بے گھر افراد کو انہیں اپنا ذاتی مکان تعمیر کرنے بروقت رقمی امداد فراہم کی ۔اس افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خصوصی چیئرمین اردو اکیڈمی طاہر بن حمدان اور رنجل منڈل صدر کانگرس مبین خان کے علاوہ نوی پیٹ، رنجل منڈلوں کے منتخب عوامی نمائندے بھی موجود تھے۔