تعمیر ملت کا آج جلسہ رحمۃ للعالمینؐ، توہینِ رسالت کے خلاف قرارداد

   

طاہرالقادری ، امام عبدالقدوس الازہری اور عالمی شہرت یافتہ علماء و اکابرین کا آن لائن خطاب
حیدرآباد۔ دنیا کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے اسلامی اسکالرس اور مسلم دانشور جمعہ 30؍اکتوبر کو کل ہند مجلس تعمیر ملت کے جلسہ رحمۃ للعالمین صلی اللہ علیہ وسلم میں بعض عالمی طاقتوں کی جانب سے پیغمبر اسلام نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی شان اقدس میں گستاخی کرنے والوں کی مذمت میں قرارداد منظور کریںگے۔ تعمیر ملت کا یہ جلسہ پہلی مرتبہ Virtual ہوگا۔ علامتی طور پر ریڈ روز فنکشن ہال میں صبح 10 تا ایک بجے جلسہ رحمۃ للعالمین اور ہفتہ 31؍اکتوبر کو مدینہ منشن نارائن گوڑہ میں شام 7 تا 10بجے شب جلسہ یوم صحابہ رضی اللہ تعالیٰ عنہم منعقد ہوگا۔ یہ اعلان چیرمین استقبالیہ کمیٹی جلسہ رحمۃ للعالمینؐ ڈاکٹر فخرالدین محمد نے میڈیا پلس میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں کیا۔ ڈاکٹر یوسف حامدی، جناب خواجہ فرید شرفی اور عبدالجلیل طارق اس موقع پر موجود تھے۔ ڈاکٹر فخرالدین محمد نے بتایا کہ جناب سید جلیل احمد ایڈوکیٹ کے زیر نگرانی اس جلسہ میں کلیدی خطبہ ارشاد فرمانے کے لئے شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری بانی و سرپرست منہاج القرأن انٹر نیشنل سے درخواست کی گئی جسے انہو ںنے قبول فرمالیا۔اس کے علاوہ امام عبدالقدوس الازہری آسٹریلیا مفتی اعظم آسٹریلیااور شیخ فخر الدین اویسی ( ساوتھ آفریقہ) کا آن لائن خطاب ہوگا۔ صدر استقبالیہ ڈاکٹر فخر الدین محمد خطبہ استقبالیہ دیں گے۔ معتمد عمومی تنظیم و معتمد مجلس استقبالیہ ڈاکٹر یوسف حامدی تنظیم کا تعارف و رپورٹ پیش کریں گے۔ اس کے علاوہ مولانا ارشاد احمد باقوی خطیب جامع مسجد مادناپیٹ‘ جناب آفاق الرحمن )اورنگ آباد)‘ مفتی سید ضیاء الدین نقشبندی شیخ الفقہ جامعہ نظامہ‘ ڈاکٹر حافظ احسن بن محمد الحموی خطیب شاہی مسجد باغ عامہ‘ جناب خواجہ فرید شرفی رکن عاملہ تعمیرملت کا خطاب ہوگا۔ نگران جلسہ وصدر تعمیرملت‘‘ جناب سید جلیل احمد ایڈوکیٹ کے خطاب کے بعد جناب ساجد عارف رئوف سلام بحضور سرورکونینﷺ پیش کریں گے اور نائب معتمد استقبالیہ انجنیئر جلیل طارق کے شکریہ پر یہ جلسہ ایک بجے دن اختتام کو پہنچے گا۔قاری محمد عظیم الدین کی قرأت کلام پاک‘ جناب شاہنواز ہاشمی کی حمد سے جلسہ کا آغازہوگا‘ ڈاکٹر طیب پاشاہ قادری اور جناب راشد عبدالرزق میمن ہدیہ نعت پیش کریں گے۔ صرف مدعوئین کو ہی سماجی فاصلہ اور ماسک کی پابندی کرتے ہوئے داخلہ کی اجازت رہے گی۔65سال سے زائد عمر کے اصحاب سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ جلسہ گاہ کو تشریف نہ لائیں۔