تعمیر ملت کا یوم رحمت اللعالمینؐ،شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری کا خطاب

   

مقررین کا آن لائن خطاب ، کل ریڈروز فنکشن ہال میں جلسہ : ڈاکٹر فخر الدین محمد
حیدرآباد : کُل ہند مجلس تعمیر ملت کے زیراہتمام جمعہ 12ربیع الاول 30اکٹوبر یوم رحمت اللعالمین سرحدوں کو پارکرتے ہوئے بین الاقوامی حیثیت اختیار کرگیا ہے ۔ مجلس استقبالیہ نے فیصلہ کیا کہ اس مرتبہ جلسہ کی کارروائی آن لائن کی جائے ۔ اس سہولت سے استفادہ کرتے ہوئے بیرونی مقررین کو مدعو کیا گیا ہے ۔ صدرنشین استقبالیہ ڈاکٹر فخر الدین محمد صدرنشین میسکو نے اعلان کیا ہے کہ اسمقدس جلسہ میں شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری بانی و سرپرست منہاج القرآن انٹرنیشنل کلیدی خطبہ ارشاد فرمائیں گے ۔ جلسہ محدود پیمانہ پر ریڈ روز فنکشن ہال نامپلی میں صبح 9 تا ایک بجے دن ہوگا ۔ صدر تنظیم جناب سید جلیل احمد ایڈوکیٹ نگرانی کریں گے ۔ صرف مدعوئین کو ہی سماجی فاصلہ اور ماسک کی پابندی پرداخلہ کی اجازت رہے گی ۔ 65سال سے زائد عمر کے اصحاب سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ جلسہ گاہ کو تشریف نہ لائیں ۔ ڈاکٹرفخر الدین محمد نے پروگرام کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہاکہ امام عبدالقدوس الازہری آسٹریلیا اور شیخ فخر الدین اویسی کا آن لائن خطاب ہوگا ۔ صدر استقبالیہ ڈاکٹر فخر الدین محمد خطبہ استقبالیہ دیں گے ۔ معتمد عمومی تنظیم و معتمد مجلس استقبالیہ ڈاکٹر یوسف حامدی تنظیم کا تعارف و رپورٹ پیش کریں گے ۔ مولانا ارشاد احمد باقوی ، آفاق الرحمن ،مفتی سید ضیاء الدین نقشبندی ، حافظ احسن بن محمد الحموی ، جناب خواجہ فرید شرفی کا خطاب ہوگا ۔ نگران جلسہ و صدر تعمیر ملت جناب سید جلیل احمد ایڈوکیٹ کے خطاب کے بعد جناب ساجد عارف رؤف سلام بحضور سرور کونینﷺ پیش کریں گے اور نائب معتمد استقبالیہ انجنیئر جلیل طارق کے شکریہ پر یہ جلسہ ایک بجے دن اختتام کو پہنچے گا ۔ جلسہ کی کارروائی کا ٹی وی چیانلوں ، ٹی ٹی وی ، بی بی این چیانل ، آپ ٹی وی کے علاوہ تعمیر ملت کے فیس بک اکاؤنٹ اور یو ٹیوب چیانل پر راست ٹیلی کاسٹ کیا جائے گا ۔

مدینہ منشن میں ہفتہ کو یوم صحابہؓ
حیدرآباد : مدینہ منشن نارائن گوڑہ میں جلسہ یوم صحابہؓ زیرنگرانی سید جلیل احمد ایڈوکیٹ صدر کل ہند مجلس تعمیر ملت 31 اکٹوبر کو شام 7 تا 10بجے شب منعقد ہوگا ۔ ڈاکٹر قطب الدین ، مولانا اسلم قادری اور مولانا محمد قمر الزماں خان کا آن لائن خطاب ہوگا ۔ جبکہ جلسہ گاہ میں مفتی خلیل احمد شیخ الجامعہ نظامیہ ، مفتی نیر اعظم اشرفی ، مولانا شیخ عبدالرحمن مخاطب کریں گے ۔ صدر استقبالیہ ڈاکٹر فخر الدین محمد خطبہ استقبالیہ دیں گے ۔ معتمد عمومی و معتمد مجلس استقبالیہ ڈاکٹر یوسف حامدی تنظیم کا تعارف و رپورٹ پیش کریں گے ۔