حیدرآباد19فروری(یواین آئی) روز بروزسڑک حادثات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے احتجاج کرنے والوں نے ان کے احتجاج کے نتیجہ میں رکی ہوئی ایمبولنس گاڑی کو انسانیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے راستہ فراہم کیا۔یہ واقعہ تلنگانہ کے ضلع عادل آباد میں پیش آیا۔ تفصیلات کے مطابق ضلع کے جیئنت منڈل حدود کی قومی شاہراہ پر روزبروز سڑک حادثات کی تعداد میں اضافہ کے پیش نظر ان کی روک تھام کے لئے روڈسیفٹی اقدامات کرنے کامطالبہ کرتے ہوئے مقامی افراد نے کئی مرتبہ متعلقہ حکام سے نمائندگی کی جو لاحاصل رہی۔ اس معاملہ پر حکام کی لاپرواہی کے سبب بین ریاستی چیک پوسٹ پر عوام کی بڑی تعداد نے احتجاج کیا۔ ان احتجاجیوں میں اُس خاتون کے رشتہ دار بھی شامل تھے جس کی حادثہ کے سبب موت ہوگئی تھی۔اس احتجاج کے سبب گاڑیوں کی بڑی تعداد وہاں جمع ہوگئی۔اسی دوران گاڑیوں میں مہاراشٹراکی ایک ایمبولنس پھنس گئی اور ٹریفک جام کی وجہ سے یہ ایمبولنس آگے نہیں بڑھ پائی جس کو دیکھ کر تمام احتجاجیوں نے آگے بڑھ کر ایمبولنس گاڑی کو ڈیوائیڈر کے اوپر سے اٹھاکر دوسری طرف رکھتے ہوئے اس کو جانے کے لئے راستہ فراہم کیا۔اس ایمبولنس میں ایک مریض تھا۔ احتجاجیوں کی اس انسان دوستی کی ویڈیو سوشیل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمس پر تیزی کے ساتھ وائرل ہوگئی۔اس ویڈیو کو دیکھنے والے اس کی ستائش کررہے ہیں۔