تلنگانہ اسمبلی کا بجٹ سیشن 6 مارچ سے متوقع

,

   

۔7 مارچ کو گورنر کے خطبہ پر مباحث اور 10 مارچ کو بجٹ کی پیشکشی کا امکان
حیدرآباد ۔20۔ فروری (سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کے بجٹ سیشن کا آئندہ ماہ 6 مارچ سے آغاز متوقع ہے اور اس سلسلہ میں حکومت کی جانب سے تیاریاں شروع کردی گئی ہیں ۔ حکومت نے جاریہ ماہ کے اختتام سے قبل اسمبلی کے بجٹ سیشن کا آغاز کرنے کا اشارہ دیا تھا لیکن چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے جاریہ ماہ 24 فروری تا 4 مارچ تک ریاست بھر میں’شہری ترقی پروگرام ‘ منظم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور شہری ترقی پروگرام منظم کرنے کے طریقہ کار کے سلسلہ میں دو دن قبل چندر شیکھر راؤ نے وزراء ارکان اسمبلی ، میئر بلدی کارپو ر یشنس، صدرنشین بلدیات اور اعلیٰ عہدیداروں کا اجلاس طلب کر کے حکمت عملی کو قطعیت دی تھی اور مجوزہ شہری ترقی پروگرام کے 4 مارچ تک کامیاب انعقاد عمل میں لانے کے بعد ایک دن کا وقفہ دیتے ہوئے 6 مارچ سے اسمبلی کے بجٹ سیشن کا آغاز کرنے شیڈول مرتب کرنے کی اطلاعات ہیں ۔ اس طرح 6 مارچ کو ارکان اسمبلی و کونسل کے مشترکہ اجلاس کو گورنر ڈاکٹر تمل سائی سوندرا راجن مخاطب کریں گی ۔ بتایا جاتا ہے کہ دوسرے دن یعنی 7 مارچ کو گورنر کے خطبہ پر تحریک تشکر پر مباحث کا آغاز کیا جائے گا جبکہ 8 مارچ کو اتوار ہونے اور 9 مارچ کو ہولی کی تعطیل رہنے کے پیش نظر 10 مارچ کو اسمبلی میں بجٹ برائے سال 2020-2021 پیش کیا جائے گا ۔ ریاستی اسمبلی ذرائع کے مطابق مجوزہ اسمبلی کا اجلاس 12 کام کے دنوں پر مبنی ہوگا اور اسی کی مناسبت کے ساتھ اسمبلی سیشن کی تاریخوں کا تعین کیا جارہا ہے اور اس طرح 22 مارچ تک اسمبلی کے بجٹ سیشن کا اختتام عمل میں لانے کی قوی توقع پائی جاتی ہے ۔ ذرائع کے مطابق کونسل کا اجلاس صرف چار دن چلانے پر حکومت غور کر رہی ہے ۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ گزشتہ سال 9 ستمبر 2019 تا 22 ستمبر 2019 تک منعقدہ مکمل بجٹ سیشن میں اسمبلی 11 یوم اور کونسل میں چار یوم منعقد ہوا تھا ۔ اس بار بھی حکومت اپنی سابقہ حکمت عملی کے تحت اسمبلی اور کونسل اجلاس منعقد کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔