منیلا میں عہدیداروں سے بات چیت، ورکرس کی بھلائی اسکیمات کا جائزہ
حیدرآباد 18 اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ این آر آئی اڈوائزری کمیٹی نے گورنمنٹ وہپ اے سرینواس کی قیادت میں فلپائن کا 3 روزہ دورہ کیا تاکہ مائیگریشن پالیسی اور ورکرس کی بھلائی کی اسکیمات کا جائزہ لیا جاسکے۔ وفد میں ڈاکٹر آر بھوپتی ریڈی، ڈاکٹر بی ایم ونود کمار، ایم بھیم ریڈی اور دیگر ارکان موجود تھے۔ حکومت نے مختلف ممالک میں ورکرس کی بھلائی اور خاص طور پر غیر مقیم باشندوں کی بھلائی کے اقدامات کا جائزہ لینے کے لئے کمیٹی تشکیل دی ہے۔ فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں کمیٹی نے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں لیبر مائیگریشن اور مائیگرینٹ ویلفیر اسکیمات کا جائزہ لیا۔ سیول سوسائٹی کے علاوہ ٹریڈ یونین کے نمائندوں سے بھی مذاکرات کئے گئے۔ وفد نے فلپائن کے عہدیداروں کو بتایا کہ تلنگانہ حکومت ملک میں ایک مثالی مائیگریشن پالیسی تیار کرنا چاہتی ہے تاکہ خلیج اور دیگر ممالک میں خدمات انجام دینے والے تلنگانہ کے باشندوں کا تحفظ کیا جاسکے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے گلف این آر آئی پالیسی تشکیل دینے اور ورکرس کے لئے ویلفیر بورڈ کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔ خلیجی ممالک میں تلنگانہ کے 15 لاکھ ورکرس موجود ہیں اور اُنھیں درپیش مسائل کی یکسوئی کے لئے حکومت جامع پالیسی تیار کررہی ہے۔ اڈوائزری کمیٹی نے منیلا میں مقیم بیرونی ورکرس سے بھی بات چیت کی۔V/1