بیرونی ورکرز کی بھلائی کے اقدامات پر مقامی عہدیداروں اور اوور سیز کمیشن سے مشاورت
حیدرآباد : 19 اگست ( سیاست نیوز) تلنگانہ این آر آئی ایڈوائزری کمیٹی نے فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں ہندوستانی سفارتخانہ کا دورہ کرتے ہوئے سفارتی عہدیداروں سے ملاقات کی ۔ کمیٹی نے مائیگریشن پالیسی اور ورکرس کی بھلائی کے اقدامات پر فلپائن کی اوورسیز کمیشن کے عہدیداروں سے تبادلہ خیال کیا ۔ تلنگانہ کے وفد نے فلپائن حکومت کی جانب سے ورکرس کی بھلائی کے اقدامات سے واقفیت حاصل کی ۔ مقامی عہدیداروں نے پاؤر پوائنٹ پریزنٹیشن کے ذریعہ حکومت کے اقوامات اور پالیسی سے واقف کرایا ۔ عہدیداروں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت خلیجی ممالک میں موجود تلنگانہ کے ورکز کی بھلائی کیلئے بہتر پالیسی اختیار کرسکتی ہے ۔ خلیجی ممالک میں 15 سے زائد تلنگانہ کے ورکرز خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ گورنمنٹ وہپ اے سرینواس اور رکن اسمبلی ڈاکٹر بھوپتی ریڈی نے کہا کہ حکومت فلپائن میں ورکرز کی بھلائی کی پالیسی کا تفصیلی طور پر جائزہ لیتے ہوئے حکومت کو سفارشات پیش کرے گی تاکہ خلیجی ممالک میں تلنگانہ ورکرز کا تحفظ کیا جاسکے ۔ ہندوستانی سفیر ہرش کمار جین اور فرسٹ سکریٹری نیلیش کمار رائے نے تلنگانہ کے وفد کو فلپائن میں غیر مقیم ورکرز کی بھلائی کے اقدامات سے واقف کرایا ۔ خلیجی ممالک میں مسائل کا شکار تلنگانہ کے ورکرز کے تحفظ کیلئے ریونت ریڈی حکومت نے جامع پالیسی تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اسی مقصد سے این آر آئی ایڈوائزری کمیٹی کو فلپائن روانہ کیا گیا ۔ دورہ میں ایڈوائزری کمیٹی کے صدرنشین ڈاکٹر ونود کمار ، نائب صدر نشین ایم بھیم ریڈی ، ارکان ایس نریش ریڈی ، دیویندر ریڈی ، پروفیسر کے وجئے ، پروفیسر سرینواس اور دوسرے شامل ہیں ۔ 1/S/m/b