الگ ڈیجیٹل پورٹل اور ویب سائٹ متعارف کرانے کی ہدایت کمیٹی کے ارکان کی ریونت ریڈی سے ملاقات
حیدرآباد ۔ 29 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : چیف منسٹر ریونت ریڈی نے تلنگانہ تحریک کے جہدکاروں کی شناخت کے عمل کو ہنگامی بنیادوں پر تیز کرنے کی سخت ہدایت دی ہے ۔ آج سکریٹریٹ میں تلنگانہ جہدکاروں کی شناخت کمیٹی کے صدر نشین کیشو راؤ کی قیادت میں ایک وفد نے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کی اور اس مسئلہ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔ اس موقع پر ایم ایل سی پروفیسر کودنڈا ریڈی ، ڈی شوبھن ریڈی اور راملو نائیک بھی موجود تھے ۔ کمیٹی کے اراکین نے چیف منسٹر کو بتایا کہ حال ہی میں ایک اجلاس حیدرآباد میں منعقد کیا گیا تھا ۔ جس میں 13 ہزار سے زائد تلنگانہ جہدکاروں اور کارکنوں نے مختلف جوائنٹ ایکشن کمیٹیوں ، عوامی تنظیموں ، فنکاروں ، شاعروں اور خواتین نے شرکت کی ۔ کمیٹی نے جہدکاروں کی درجہ بندی ، ان کی رائے ، خدشات اور اپیلوں پر مشتمل ایک تفصیلی مسودہ رپورٹ چیف منسٹر کو پیش کی ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے واضح کیا کہ ریاست تلنگانہ کے حصول کے لیے تحریک کے جہدکاروں کی قربانیاں قابل احترام ہے اور حکومت انہیں ان کا حق دینے پر عزم ہے ۔ چیف منسٹر نے اعلیٰ عہدیداروں کو حکم دیا کہ وہ جہد کاروں کے لیے ایک الگ آفیشل ویب سائٹ اور آن لائن پورٹل قائم کریں تاکہ ڈیجیٹل درخواستیں موصول کی جاسکیں ۔ انہوں نے تمام ضلعی حکام اور انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ ضلع وار سطح پر کمیٹی کو مکمل انتظامی تعاون اور وسائل فراہم کریں تاکہ شناخت کا عمل بغیر کسی تاخیر کے مکمل ہوسکے ۔ کمیٹی نے چیف منسٹر کو جہد کاروں کے مطالبات اور پارٹی منشور میں کئے گئے وعدوں پر روشنی ڈالی ۔ 250 گز کے رہائشی پلاٹ ، ماہانہ امدادی پنشن ، ہیلت کارڈس ، آ رٹی سی بسوں میں مفت سفر کی سہولت اور تحریک سے وابستہ سرکاری ملازمین کے لیے اعزازی منظوری وغیرہ شامل ہے ۔۔ 2/m/b