ڈاکٹر کیشو راؤ کی صدارت میں ریاستی کمیٹی کا اجلاس، مختلف زمرہ جات کے تحت جہدکاروں کا تعین
حیدرآباد 18 اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ تحریک کے جہدکاروں کے انتخاب کے لئے حکومت کی جانب سے تشکیل دی گئی کمیٹی کا اجلاس ڈاکٹر کے کیشو راؤ کی صدارت میں منعقد ہوا۔ کمیٹی نے سماج کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد اور جہدکاروں کے گروپس کے ساتھ مشاورت کا عمل مکمل کرلیا ہے۔ حکومت کو رپورٹ کی پیشکشی کے مرحلہ میں یہ اجلاس منعقد کیا گیا۔ کمیٹی کے ارکان وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر، رکن قانون ساز کونسل پروفیسر کودنڈا رام، ایم شوبھن ریڈی، راملو نائک اور دوسروں نے شرکت کی۔ کمیٹی نے جہدکاروں کے ناموں کے تعین کے سلسلہ میں مسلسل 16 دن تک 13 ہزار سے زائد جہدکاروں اور مختلف تنظیموں کے نمائندوں سے ملاقات کرتے ہوئے رائے حاصل کی ہے۔ جہدکاروں کو حکومت کی جانب سے دی جانے والی مراعات پر بھی بات چیت کی گئی۔ جہدکاروں کو مختلف زمرہ جات کے تحت شامل کرنے کا جائزہ لیا گیا۔ پہلے زمرہ میں شہیدان تلنگانہ کے افراد خاندان کو شامل کیا جائے گا اور تلنگانہ تحریک میں 1400 سے زائد نوجوانوں نے اپنی جانوں کی قربانی دی۔ سابق کی تلنگانہ تحریکات کے شہداء کے ناموں کا بھی تعین کیا گیا۔ دوسرے زمرہ میں پولیس فائرنگ، لاٹھی چارج اور تشدد کے زخمی جہدکاروں کو شامل کیا جائے گا۔ تیسرے زمرہ میں قید کی سزا بھگتنے والے جہدکاروں کے نام شامل کئے جائیں گے۔ چوتھے زمرہ میں مقدمات کا سامنا کرنے والے جہدکاروں کو رکھا جائے گا جبکہ خصوصی زمرہ کے تحت تحریک میں حصہ لینے والے سرکاری ملازمین، خاتون سرکاری ملازمین اور کلچرل آرگنائزیشن کے نمائندوں کو شامل کیا جائے گا۔ تلنگانہ اسمبلی انتخابات سے قبل کانگریس نے جہدکاروں کے لئے فلاحی اقدامات کا وعدہ کیا تھا جن میں 250 گز امکنہ اراضی اور ماہانہ پنشن جیسے وعدے شامل ہیں۔ کمیٹی نے اِس مسئلہ پر عوامی نمائندوں سے مشاورت کا فیصلہ کیا ہے۔ ڈاکٹر کے کیشو راؤ نے بتایا کہ جہدکاروں اور عوامی نمائندوں سے مشاورت کی تکمیل کے بعد حکومت کو سفارشات پیش کی جائیں گی۔V/1/k/b