تلنگانہ حجاج کرام کی مدینہ منورہ روانگی کا آغاز

   

مسجد نبویؐ سے قریب عمارتوں کا حصول، 7 ستمبر سے قافلوں کی واپسی
حیدرآباد ۔ 28 ۔ اگست (سیاست نیوز) حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے روانہ ہوئے حج 2019 ء کے حجاج کرام کی مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ روانگی کا آج آغاز ہوگیا۔ آج صبح بعد نماز فجر خصوصی بسوں کے ذریعہ حجاج کرام کا پہلا قافلہ مدینہ منورہ کیلئے روانہ ہوا۔ انڈین حج مشن نے حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے روانہ ہوئے حجاج کرام کی مدینہ منورہ روانگی کا شیڈول جاری کردیا ہے جس کے مطابق روزانہ ایک تا 3 قافلے مکہ مکرمہ سے روانہ ہوں گے اور یہ ان کی واپسی کے پروگرام کے مطابق رہے گا۔ حجاج کرام کو مدینہ منورہ میں 7 دن قیام کی سہولت رہے گی جس کے لئے مسجد نبوی سے قریبی علاقہ میں عمارتیں حاصل کی گئی ہیں۔ واپسی کے شیڈول کے مطابق 4 اگست تک حجاج کرام کے 23 قافلے مدینہ منورہ کیلئے روانہ ہوں گے جبکہ وطن واپسی کا آغاز 7 ستمبر سے ہوگا ۔ آج جو قافلہ مدینہ منورہ روانہ ہوا ، اس کی حیدرآباد واپسی 7 ستمبر کو ہوگی۔ انڈین حج مشن کے اعداد و شمار کے مطابق ابھی تک 158 فلائٹس کے ذریعہ 43252 حجاج کرام وطن واپس ہوچکے ہیں۔ مدینہ منورہ میں فی الوقت 21621 ہندوستانی حجاج کرام قیام پذیر ہیں جن کا تعلق ملک کی مختلف ریاستوں سے ہے۔ مدینہ منورہ سے ہندوستانی حجاج کرام کی واپسی کا آج آغاز ہوا اور پہلا قافلہ لکھنو کیلئے روانہ ہوا۔ انڈین حج مشن کے دفاتر اور ڈسپنسریز 24 گھنٹے کام کر رہے ہیں ۔ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں تاحال 118 حجاج کرام کا انتقال ہوا جن میں 22 کا تعلق خانگی ٹور آپریٹرس سے ہے۔ حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے تلنگانہ کے علاوہ آندھراپردیش ، کرناٹک ، مہاراشٹرا اور ٹاملناڈو کے حجاج کرام روانہ ہوئے تھے ۔ پہلے سے طئے شدہ شیڈول کے مطابق واپسی 7 ستمبر سے شروع ہوگی اور 15 ستمبر کو آخری قافلہ حیدرآباد پہنچے گا۔ 22 قافلوں کے ذریعہ 8300 سے زائد حجاج کرام حیدرآباد واپس ہوں گے۔