تلنگانہ سے خادم الحجاج کے انتخاب کیلئے کل قرعہ اندازی

   

حیدرآباد: 27 فروری (سیاست نیوز) حج 2024ء کے لیے تلنگانہ سے خادم الحجاج کے انتخاب کے لیے قرعہ اندازی 29 فروری کو سہ پہر 3 بجے دفتر حج کمیٹی حج ہائوز نام پہلی میں مقرر ہے۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل کی موجودگی میں قرعہ اندازی کی جائے گی جس کے انتظامات ایگزیکٹیو آفیسر شیخ لیاقت حسین کریں گے۔ تلنگانہ سے 22 خادم الحجاج کا قرعہ اندازی کے ذریعہ انتخاب عمل میں آئے گا۔ خادم الحجاج کیلئے جملہ 180 درخواستیں موصول ہوئی تھیں جن میں سے 25 درخواستوں کو مسترد کردیا گیا۔ حج کمیٹی آف انڈیا کے قواعد کے مطابق سرکاری ملازمین جنہوں نے حج یا عمرہ کی سعادت حاصل کی ہے، خادم الحجاج کیلئے اہلیت رکھتے ہیں۔ 155 درخواستوں کی قرعہ اندازی کے ذریعہ 22 کا انتخاب عمل میں آئے گا۔ تلنگانہ کے 7811 عازمین حج کیلئے 26 خادم الحجاج کو روانہ کیا جائے گا جن میں سے حج کمیٹی اور وقف بورڈ کے دو دو ملازمین شامل ہونگے۔ وقف بورڈ نے اپنے دونوں خادم الحجاج کے ناموں کو قطعیت دے دی ہے جبکہ حج کمیٹی کے 7 درخواست گزاروں میں سے دو کا انتخاب باقی ہے۔1