حیدرآباد۔30اپریل(سیاست نیوز) تلنگانہ میں لو لگنے کے واقعات میں اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے اور اب محکمہ صحت کے عہدیداروں نے گذشتہ دنوں لو لگنے کے واقعات کا شکار ہونے والوں کی تعداد کی توثیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست تلنگانہ میں مجموعی اعتبار سے 22 افراد لو لگنے سے متاثر ہوئے ہیں جنہیں دواخانہ میں شریک کرتے ہوئے ان کا علاج کیا جا رہاہے جبکہ گذشتہ دنوں میں لو لگنے کے نتیجہ میں کسی بھی موت کی توثیق نہیں کی گئی۔ تلنگانہ میں تیسرے دن بھی اعظم ترین درجہ حرارت 46ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیاگیا جو کہ ضلع عادل آباد میں ریکارڈ کیاگیا ہے اس کے علاوہ ریاست کے 7 اضلاع میں درجہ حرارت 45 ڈگری سیلسیس سے زیادہ ریکارڈ کیاگیا ہے ۔مابقی 25 اضلاع میں درجہ حرارت 42تا 45ڈگری سیلسیس کے درمیان ریکارڈ کیاگیا ہے جس کے نتیجہ میں ریاست بھر کے بیشتر تمام اضلاع میں گرمی کی شدت میں زبردست اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے۔ دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد میں بھی گذشتہ دو یوم سے گرمی کی شدت میں اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے اور دوپہر کے اوقات میں سڑکوں پر ٹریفک میں نمایاں کمی دیکھی جا رہی ہے کیونکہ گرمی کے سبب لولگنے کے خدشات کے تحت شہری گھروں سے نکلنے سے گریز کرنے لگے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے علاوہ خانگی ماہرین موسمیات کا کہناہے کہ جاریہ ہفتہ کے اختتام تک گرمی کی لہر میں کسی بھی طرح کی کمی کا کوئی امکان نہیں ہے جبکہ آئندہ ہفتہ کے دوران درجہ حرارت میں کمی کے نتیجہ میں گرمی سے معمولی راحت حاصل ہونے کے امکانات ظاہر کئے جا رہے ہیں۔ شہر حیدرآباد کے علاوہ نواحی علاقوں میں گرم ہواؤں کے سلسلہ میں ماہرین موسمیات کا کہناہے کہ شہری علاقوں میں گاڑیوں سے خارج ہونے والی گرمی کے علاوہ ائیرکنڈیشن سے نکلنے والی گرم ہواؤں کے سبب گرم ہوائیں زیادہ محسوس کی جار ہی ہیں۔3/A/m