ورنگل11/جون(سیاست ڈسٹرک نیوز)ریاست تلنگانہ میں لاکھوں بے روزگار نوجوان روزگار کے حصول کے منتظر ہیں، جبکہ مختلف سرکاری محکموں میں ہزاروں آسامیاں خالی پڑی ہیں۔ ان آسامیوں کو فوری طور پر پْر کرنے اور سرکاری تعلیمی شعبے کو مضبوط بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے آل انڈیا یوتھ فیڈریشن (اے آئی وائی ایف) تلنگانہ ریاستی کمیٹی کی اپیل پر اے آئی وائی ایف ضلع ورنگل کمیٹی نے ایڈیشنل کلکٹر وائی۔ وی۔ گنیش، آئی اے ایس، کو ایک یادداشت پیش کی۔اس موقع پر اے آئی وائی ایف تلنگانہ ریاستی صدر ڈاکٹر سید ولی اللہ قادری نے کہا کہ ایک طرف سرکاری دفاتر، اسکول، کالج اور اسپتال عملے کی شدید کمی کا شکار ہیں، جبکہ دوسری طرف بے روزگار نوجوان عمر کی حد عبور کرتے جا رہے ہیں اور اپنے مستقبل کے بارے میں فکرمند ہیں۔ اس کے باوجود حکومت خالی آسامیوں کی مکمل تفصیلات جاری کرنے کے بجائے ٹال مٹول سے کام لے رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ مستقل سرکاری بھرتیوں کے بجائے کنٹریکٹ اور آؤٹ سورسنگ نظام کو فروغ دے کر نوجوانوں کو ملازمت کے تحفظ سے محروم کیا جا رہا ہے۔ یہ نہ صرف بے روزگار نوجوانوں کے ساتھ ناانصافی ہے بلکہ عوامی خدمات کے معیار کو بھی متاثر کر رہا ہے۔اس پروگرام میں اے آئی وائی ایف ضلع ورنگل کے سیکریٹری مسکا سدھیر، جگدیش اور دیگر کارکنان نے شرکت کی۔