خود کار ڈیجیٹل ریڈنگ ، جیڈی میٹلہ میں تجربہ کامیاب ، میٹر کی لاگت کا بوجھ قسطوں میں وصولی
حیدرآباد ۔ 21 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ کی برقی تقسیم کار کمپنی (DISCOMs) نے ریاست بھر میں برقی کے نظام کو جدید بنانے کے لیے مرحلہ وار طریقے سے ’ اسمارٹ میٹرس ‘ نصب کرنے کے عملی اقدامات شروع کردئیے ہیں ۔ ابتدائی مرحلے میں تمام نئے برقی کنکشن حاصل کرنے والے صارفین کے لیے اسمارٹ میٹرس کی تنصیب لازمی کی جائے گی جب کہ پرانے صارفین کو مرحلہ وار اساس پر اس نئے نظام پر منتقل کیا جائے گا ۔ ریاستی الیکٹرسٹی ریگولیٹری کمیشن (TGERC) سے منظوری ملتے ہی اس منصوبے پر کام شروع کردیا جائے گا ۔ ڈسکام کے عہدیداروں نے بتایا کہ اسمارٹ میٹرس کے نفاذ سے روایتی ریڈنگ کے نظام میں ایک بڑا انقلاب آئے گا ۔ اسمارٹ میٹرس ہر مہینے کی آخری تاریخ 30 یا 31 کو رات 12 بجے کے بعد خود بخود ڈیجیٹل ریڈنگ محفوظ کرلے گا جس کے بعد صارفین کو بل بنانے والے عملے کی ضرورت ختم ہوجائے گی ۔ اسمارٹ میٹرس میں پری پیڈ کا انتخاب بھی موجود ہے ۔ اگرچہ کہ یہ سہولت فی الحال بنیادی طور پر سرکاری دفاتر کے لیے طئے کی گئی ہے لیکن اگر عام صارفین بھی اس کی درخواست کریں گے تو اس پر غور کیا جائے گا ۔ اسمارٹ میٹرس کی قیمت عام میٹرس کے مقابلے زیادہ ہوتی ہے ۔ تاہم صارفین پر ایک ساتھ مالی بوجھ ڈالنے کے بجائے ڈسکامس اس لاگت کو ماہانہ بلز میں آسان قسطوں کی شکل میں وصول کرنے پر غور کررہی ہے ۔ ٹی جی ایس پی ڈی سی ایل کے چیرمین و منیجنگ ڈائرکٹر جتیشس وی پاٹل نے اسمارٹ میٹرس سے متعلق وضاحت جاری کرتے ہوئے بتایا کہ اسمارٹ میٹرس کے نفاذ کے لیے تمام تر ضروری تکنیکی اور انتظامی انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں ۔ حیدرآباد کے جیڈی میٹلہ ڈیویژن میں پائلٹ پراجکٹ کے تحت تجرباتی بنیادوں پر نصب کئے گئے اسمارٹ میٹرس کا کارکردگی انتہائی مستحکم اور کامیاب رہی ہے ۔ ان کی مدد سے برقی کی فراہمی میں آنے والے نقائص اور تکنیکی رکاوٹوں کی نشاندہی وقت سے پہلے ممکن ہوسکے گی ۔ یہ رائے بالکل غلط ہے کہ اسمارٹ میٹرس سے بلز کی رقم میں اضافہ ہوگا ۔ اس سے بلز کی غلط فہمیاں اور شکایات ختم ہوں گی ۔۔ 2/m/b