غریبوں اور کمزور طبقات کی بھلائی حکومت کی ترجیح ، جلسہ عام سے بھٹی وکرامارکا اور دوسروں کا خطاب
حیدرآباد : 19 اگست ( سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے دعویٰ کیا کہ حلقہ جات کی از سرنو حدبندی کی صورت میں 2029ء کے وسط میں مجوزہ انتخابات میں کانگریس پارٹی تلنگانہ میں 117 اسمبلی نشستوں پر کامیابی کے ساتھ دوبارہ برسراقتدار آئے گی ۔چیف منسٹر سکریٹریٹ کے قریب سردار پاپنا گوڑ کے مجسمہ کی نقاب کشائی کے بعد جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا ، صدرپردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ ، ریاستی وزراء پونم پربھاکر ، لکشمن کمار اور عوامی نمائندوں نے تقریب میں شرکت کی ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حلقہ جات کی ازسرنو حدبندی کی صورت میں تلنگانہ میں اسمبلی اور لوک سبھا کی نشستوں میں اضافہ ہوگا ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی آر ایس قائدین سوشل میڈیا کے ذریعہ حکومت کے خلاف مہم پر بھاری رقومات خرچ کررہے ہیں ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپوزیشن کے گمراہ کن پروپگنڈہ کا شکار نہ ہوں ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ تلنگانہ حکومت نے مختلف پسماندہ طبقات کے پیشوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے مدد کی ہے ۔ تعلیم کے حصول میں پسماندہ طبقات کو مدد کرنے کیلئے انٹیگریٹیڈ اقامتی اسکولس قائم کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے روایتی پیشوں سے وابستہ افراد سے اپیل کی کہ وہ حکومت کی اسکیمات سے استفادہ کریں ۔ سابق کے سی آر حکومت پر تنقید کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ کے سی آر نے پرگتی بھون اور سکریٹریٹ کے دروازے عوام کیلئے بند کردیئے تھے ، عوام اپنے مسائل کیلئے حکومت سے رجوع ہونے سے قاصر تھے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت نے پسماندہ طبقات کی آبادی کا تعین کرنے کیلئے جامع سروے منعقد کیا اور ایس سی طبقات کی زمرہ بندی کی گئی ۔ ٹی آر ایس حکومت نے 8.11کروڑ کا قرض حاصل کیا جس کیلئے حکومت سالانہ 75 ہزار کروڑ ادا کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ رعیتو بھروسہ اسکیم کے تحت کسانوں سے دھان کی خریدی کی گئی ۔ چیف منسٹر نے اس موقع پر تاڑی تاسندوں کیلئے پنشن اسکیم کا اعلان کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پسماندہ طبقات کی بھلائی حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ کانگریس حکومت نے غریبوں اور پسماندگہ طبقات کی بھلائی کیلئے کئی اسکیمات کا آغاز کیا ہے ۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے کہا کہ انتخابی وعدوں کی تکمیل اور فلاحی اسکیمات پر عمل آوری میں تلنگانہ ملک کی مثالی ریاست بن چکی ہے ۔ 1/S/m/b