تلنگانہ میں کانگریس کو 15 نشستوں پر کامیابی : اتم کمار ریڈی

   

حیدرآباد۔/24 اپریل، ( سیاست نیوز) وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی نے اعلان کیا کہ کانگریس پارٹی نلگنڈہ لوک سبھا نشست پر ریکارڈ اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی اور بی آر ایس و بی جے پی امیدواروں کی ضمانت ضبط ہوجائے گی۔ انہوں نے تلنگانہ میں 15 لوک سبھا نشستوں پر کامیابی کی پیش قیاسی کی ہے۔ اتم کمار ریڈی نے ریاستی وزیر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی اور دیگر قائدین کے ہمراہ نلگنڈہ میں روڈ شو سے خطاب کیا۔ سابق وزیر داخلہ کے جانا ریڈی کے فرزند کے رگھوویرا ریڈی نے نلگنڈہ لوک سبھا حلقہ سے کانگریس امیدوار کے طور پر پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کانگریس کو 15 لوک سبھا نشستوں پر کامیابی سے کوئی طاقت روک نہیں سکتی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کانگریس کے انتخابی منشور کی غلط تشہیر کرتے ہوئے ہندوؤں اور مسلمانوں میں نفرت پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے آبپاشی شعبہ کے بارے میں سابق چیف منسٹر کے سی آر کے دعوؤں کو مسترد کردیا اور کہا کہ کالیشورم پراجکٹ میں تعمیری نقائص بے نقاب ہوچکے ہیں۔ تلنگانہ کی کانگریس حکومت نے چار ماہ میں 30 ہزار سرکاری ملازمتوں پر تقررات کئے ہیں۔1