تلنگانہ میں کورونا سے مزید 68 افراد متاثر

,

   

حیدرآباد۔/27 مئی، ( سیاست ڈاٹ کام ) تلنگانہ میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کوویڈ۔19 کے مزید 68 پازیٹیو کیسس کی شناخت ہوئی ہے جن میں19 مائیگرنٹ ورکرس اور 49 سعودی عرب سے واپس آنے والے افراد شامل ہیں۔ محکمہ صحت و طبابت کی طرف سے آج جاری کردہ طبی بلیٹن میں بتایا گیا ہے کہ تلنگانہ میں کورونا وائرس سے تاحال 63 افراد فوت ہوئے ہیں ۔ دواخانوں میں 714 افراد زیر علاج ہیں جبکہ 1321 کوویڈ مریض صحت یاب ہونے کے بعد دواخانوں سے ڈسچارج کئے جاچکے ہیں۔ بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ حکومت ہند کی طرف سے 458 ہندوستانی تارکین وطن کو سعودی عرب سے واپس لایا گیا جنہیں ریاست کے کورنٹائن سنٹرس میں رکھا گیا ہے۔ تاحال 82 تارکین وطن سعودی عرب سے واپس ہونے کے بعد کوویڈ 19 سے متاثر پائے گئے ہیں۔