تلنگانہ میں کورونا کے 2,384 نئے کیس ‘ 11 اموات

,

   

نظام آباد ‘ کریمنگر ‘ نلگنڈہ ‘رنگا ریڈی و سوریہ پیٹ میں کیسوں کی تعداد میں بھاری اضافہ

حیدرآباد۔ تلنگانہ میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 2,384 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں اور گیارہ اموات واقع ہوئی ہیں۔ ریاستی حکومت نے اپنے ایک بلیٹن میں یہ بات بتائی اور کہا کہ کورونا کی وجہ سے اب تک تلنگانہ میں فوت ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 755 ہوگئی ہے ۔ حکومت نے اپنے بلیٹن میں بتایا کہ ریاست میں اب تک جملہ 80,586 افراد کورونا وائرس سے صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ ریاست کے ایکٹیو کیسوں کی تعداد 22,908 ہے ۔ ان میں زیادہ تر مریض ہوم آئسولیشن میں علاج کروا رہے ہیں جبکہ مابقی دواخانوں میں زیر علاج ہیں۔ بلیٹن کے بموجب تازہ کیسوں میں جملہ 472 کیس گریٹر حیدرآباد سے رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ کہا گیا ہے کہ کچھ اضلاع میں کیسوں کی تعداد میں زبردست اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے ۔ نظام آباد ضلع سے 148 کیس ‘ نلگنڈہ سے 137 کیس ‘ رنگا ریڈی سے 131 کیس ‘ کریمنگر سے 120 کیس ‘ سوریہ پیٹ سے 110 کیس ‘ جگتیال سے 105 کیس اور کھمم سے 105 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ دوسرے اضلاع میں سب سے کم سات کیس جئے شنکر بھوپال پلی ضلع سے رپورٹ ہوئے ہیں۔ ریاستی حکومت کے بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ تلنگانہ میں کورونا وائرس کی وجہ سے اموات کی شرح محض 0.72 فیصد ہے جبکہ یہ شرح قومی سطح پر 1.87 فیصد ریکارڈ کی جا رہی ہے ۔ اس کے علاوہ ریاست میں کورونا سے صحتیابی کی شرح بھی قومی شرح سے بہتر ہے ۔ ریاست میں 77.30 فیصد مریض کورونا سے صحتیاب ہو رہے ہیں جبکہ قومی سطح پر یہ شرح 74.69 فیصد ہے ۔ بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ حکومت کی جملہ سے جملہ 40,666 کورونا ٹسٹ کئے گئے تھے جن کے نتیجہ میں 2,384 کی رپورٹ پازیٹیو آئی ہے ۔ جمعہ کو 43,095 ٹسٹ کئے گئے تھے ۔ اس طرح حکومت کی جانب سے کورونا معائنوں کی تعداد میں اضافہ کیا جا رہا ہے ۔