تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کی سیاسی حکمت عملی تبدیل

   

حیدرآباد : تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے اپنی سیاسی حکمت عملی تبدیل کردی ہے۔ مستقبل میں منعقد ہونے والے ہر انتخاب کیلئے نئی انتخابی کمیٹیاں اور منشور جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ہمخیال جماعتوں سے اتحاد کرنے کیلئے کانگریس کے رکن قانون ساز کونسل ٹی جیون ریڈی کو مکمل ذمہ داری سونپی گئی۔ گریجویٹ حلقہ کے دو کونسل انتخابات، ناگرجنا ساگر اسمبلی حلقہ کے ضمنی ا نتخابات اور ورنگل و کھمم کے میونسپل انتخابات کیلئے خصوصی منصوبہ بندی تیار کرتے ہوئے کام شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پارٹی کے اہم قائدین کا آج گاندھی بھون میں اجلاس منعقد ہوا، جس میں تلنگانہ کانگریس کے انچارج مانکیم ٹیگور، تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر اتم کمار ریڈی، تلنگانہ لیجسلیچر پارٹی کے قائد ملوبٹی وکرامارک، ورکنگ پریسیڈنٹ ریونت ریڈی، پونم پربھاکر، کسم کمار، اے آئی سی سی انچارج سکریٹریز، بوسی راجو، سرینواس کرشنن اور دوسروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں کانگریس پارٹی کو استحکام بنانے پارٹی قائدین اور کارکنوں میں اعتماد بحال کرنے کے علاوہ ریاست کی تازہ سیاسی صورتحال پر غوروخوض کرتے ہوئے مستقبل کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔ ورنگل اور کھمم میونسپل انتخابات کیلئے علحدہ علحدہ پارٹی منشور تیار کرنے اور دونوں کارپوریشنس کیلئے علحدہ علحدہ انتخابی کمیٹیاں تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
گریجویٹ حلقہ کے دو کونسل انتخابات میں بہتر مظاہرہ کیلئے مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔ ان تینوں انتخابات میں سیکولر و ہمخیال جماعتوں سے اتحاد کرنے کی ذمہ داری کانگریس کے سینئر قائد و رکن قانون ساز کونسل ٹی جیون ریڈی کو سونپ دی گئی۔ کل سے انتخابی ریالیوں کیلئے مسلسل مشاورتی اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔