تلنگانہ چیف منسٹر کے سی آر پر دوبار عوام کو دھوکہ دینے کا الزام

   

ظہیر آباد میں ریالی سے کانگریس امیدوار ڈاکٹر اے چندر شیکھر کا خطاب

ظہیر آباد ۔ 12 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) سابق وزیر اور حلقہ اسمبلی ظہیرآباد کے کانگریس امیدوار ڈاکٹر اے چندر شیکھر نے کہا کہ کے سی آر حکومت نے دس سالہ دور حکومت میں جو وعدے کئے تھے وہ پورے نہیں کئے اور لوگ حکمران بی آر ایس کے ایم ایل اے کو گاؤں میں داخل ہونے سے روک رہے ہیں۔ ڈاکٹر اے چندر شیکھر ظہیر آباد ٹاؤن میں کاغذات نامزدگی کے ادخال کے لئے نکالی گئی عظیم الشان ریالی کے شرکاء سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ یہ یقینی ہے کہ اگلی حکومت کانگریس کی حکومت ہوگی اور جو لوگ نامزدگی کی ریلی میں شرکت کے لئے آئے ہیں انہیں یہ بات اچھی طرح سمجھ میں آگئی ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ عوام بی آر ایس حکومت سے تنگ آچکے ہیں اور وہ ہر قدم پر کانگریس کا ساتھ دینے کے لئے چل پڑے ہیں ۔ قبل ازیں کے سی آر نے کہا تھا کہ وہ قرض معاف کریں گے لیکن ایسا انہوں نے نہیں کیا حتّٰی کہ حکومت تاحال کم از کم راشن کارڈز تک جاری نہیں کرسکی۔ انہوں نے یاد دلایا کہ کے سی آر نے دو بار عوام کو دھوکہ دیا اور ان کی زندگیوں سے کھلواڑ کیا ۔ اگر کانگریس اقتدار میں آتی ہے تو وہ عوام کی زندگیوں میں خوشحالی لانے کے لئے اقدامات کرے گی۔ انہوں نے ہریش راؤ پر موجودہ ایم ایل اے کو کٹھ پتلی بنانے اور اس علاقہ کے فنڈز کو سدی پیٹ منتقل کرنے کا الزام لگایا۔ اگر وہ جیت جاتے ہیں تو ہریش رائے کو ظہیر آباد میں قدم جمانے سے روک دیں گے – انہوں نے حلقہ اسمبلی ظہیرآباد کے رائے دہندوں سے پر زور اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ 30 نومبر کو منعقد ہونے والی رائے دہی کے موقع پر کانگریس کے انتخابی نشان ’’ ہاتھ ‘‘ کے بٹن کو دبا کر اپنے انتخابی فریضہ کو انجام دیں ۔ اس پروگرام میں کرناٹک کے ایم ایل اے شیونا ، ظہیرآباد پارلیمانی حلقہ کے انچارج اجول ریڈی ، سابق نائب صدرنشین بلدیہ محمد خواجہ میاں ، ٹریڈ یونین لیڈر ایم جی راملو ، پانچ منڈلوں کے کانگریس پارٹی کے صدور، منڈل پرجا پریشد صدور ، اراکین ضلع پرجا پریشد ، اراکین منڈل پرجا پریشد ، گرام پنچایتوں کے سرپنچس ، یوتھ کانگریس لیڈرس ، این ایس یو آئی قائدین اور پارٹی کے سرگرم کارکنوں نے شرکت کی۔ بعد ازاں کانگریس امیدوار نے ریٹرننگ آفیسر و آرڈی او وینکا ریڈی کے اجلاس پر پہنچ کر کاغذات نامزدگی داخل کی ۔