تلنگانہ کابینہ میں توسیع میں غیر معمولی تاخیر پر چیف منسٹر پر تنقید

   

پوری کابینہ کے نہ ہونے سے حکمرانی تھم سی گئی ہے ، رکن اسمبلی وینکٹ رمنا ریڈی
حیدرآباد ۔ 20 ۔ جنوری : ( این ایس ایس ) : کانگریس کے رکن اسمبلی جی وینکٹ رمنا ریڈی نے آج ریاست میں پوری کابینہ کی تشکیل میں غیر معمولی تاخیر پر ریاستی حکومت کو اپنی شدید تنقید کا نشانہ بنایا ۔ اسمبلی میں گورنر کے خطبہ پر تحریک تشکر مباحث میں حصہ لیتے ہوئے وینکٹ رمنا ریڈی نے الزام عائد کیا کہ پوری کابینہ نہ ہونے کی وجہ ریاست تلنگانہ میں حکمرانی تھم سی گئی ہے ۔ انہوں نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ گورنر کے خطبہ سے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی سیاسی تقریر کی عکاسی ہوتی ہے ۔ انہوں نے ریاستی حکومت سے زرعی قرض معافی اسکیم پر وضاحت کرنے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایک وقت میں قرض معاف کیا گیا تو یہ بہتر ہوگا ۔ ڈبل بیڈ روم مکانات اسکیم کے مسئلہ کو اٹھاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان مکانات کی تعمیر میں غیر معمولی تاخیر کی وجہ عوام میں مایوسی پیدا ہوگئی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ رعیتو بیمہ اسکیم سے متعلق کئی درخواستیں ہنوز زیر التواء ہیں ۔ مسٹر ریڈی نے کہا کہ اضلاع ورنگل اور کھمم کے مرچ کے کسانوں کو ان کی فصل کیلئے منفعت بخش قیمت حاصل نہیں ہو پارہی ہے ۔ انہوں نے حکومت سے ریاست میں اضافہ کئے گئے پنشنس پر عمل درآمد کیلئے تاریخ کا اعلان کرنے کا بھی مطالبہ کیا ۔۔