31,624 کروڑ روپئے کے کاموںکی تکمیل، ریجنل رنگ روڈ کی بھی تعمیرات
حیدرآباد ۔ 19 فبروری (سیاست نیوز) مرکزی وزیرسیاحت جی کشن ریڈی نے کہا کہ ریاست تلنگانہ کو 2480 کیلو میٹر نئی قومی شاہراہیں منظور ہوئی ہیں۔ گذشتہ 60 سال کے دوران منظور نہ ہونے والی نیشنل ہائی ویز صرف 6 سال میں منظور ہوئی ہیں۔ آج حیدرآباد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جی کشن ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں نیشنل ہائی ویز کے جال کو توسیع دینے کے معاملے میں مرکزی حکومت نے خصوصی دلچسپی دکھائی ہے۔ تلنگانہ کے تقریباً تمام اضلاع نیشنل ہائی وے سے مربوط ہوگئے ہیں۔ وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت میں تاحال 75 قومی شاہراہوں کی تعمیرات مکمل ہوئی ہے۔ تلنگانہ میں سڑکوں کی تعمیرات پر 31,624 کروڑ روپئے خرچ کئے گئے ہیں۔ مزید 15,113 کروڑ روپئے کے کام جاری ہیں۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ ریجنل رنگ روڈ کو بھی نیشنل ہائی وے کے طور پر اعلان کیا گیا ہے جس کے کام بھی جاری ہیں۔ 347 کیلو میٹر طویل ریجنل رنگ روڈ مرکزی حکومت تعمیر کررہی ہے۔ اس کی تعمیرات کیلئے ہونے والے تمام اخراجات مرکزی حکومت برداشت کرے گی۔ جی کشن ریڈی نے چیف منسٹر کے سی آر اور ریاستی وزراء پر مرکزی حکومت کے خلاف گمراہ کن مہم چلانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ ریاست کی ترقی میں مرکزی حکومت اپنی حصہ داری برابر نبھارہی ہے۔ن