گمبھی راوپیٹ، سرسلہ، 13 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سابق رکن پارلیمنٹ کریم نگر بوئن پلی وِنود کمار نے مطالبہ کیا کہ 18 اگست کو حیدرآباد میں منعقد ہونے والے گوداوری ریور مینجمنٹ بورڈ (GRMB) کے 18ویں اجلاس کے ایجنڈے سے تلنگانہ کے مختلف آبپاشی منصوبوں کو منسوخ کرنے سے متعلق مسئلہ فوری طور پر حذف کیا جائے۔سرسلہ کے یلاریڈی پیٹ میں بی آر ایس ضلع صدر توٹا آگیا کی رہائش گاہ پر منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وِنود کمار نے کہا کہ آندھرا پردیش حکومت کی جانب سے تلنگانہ کے کئی منصوبوں کی منظوری منسوخ کرنے کی مرکزی حکومت سے سفارش کرنا اور اس مسئلے کو GRMB اجلاس کے ایجنڈے میں شامل کرنا انتہائی تشویش ناک ہے۔انہوں نے کہا کہ سابق حکومت کے دور میں تلنگانہ کے منصوبوں کے لیے حاصل کی گئی قانونی منظوریوں کو منسوخ کرنے کی کوشش درست نہیں ہے۔ اگر منصوبوں کی منظوری منسوخ کی گئی تو تلنگانہ کے کسانوں، آبپاشی شعبہ اور ریاست کے مستقبل پر اس کے سنگین منفی اثرات مرتب ہوں گے۔وِنود کمار نے سوال کیا کہ تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے بی جے پی اور کانگریس ارکان پارلیمنٹ اس مسئلے پر پارلیمنٹ میں مرکزی حکومت سے سوال کیوں نہیں کر رہے ہیں۔