تلنگانہ کے سرکاری اسکولس میں ڈسمبر سے ناشتہ کی اسکیم کا آغاز: ریونت ریڈی

   

30 نومبر تک سنٹرلائیزڈ کچن مکمل کرنے کی ہدایت، قیامگاہ پر اہم ترین اجلاس
حیدرآباد۔2 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نے سرکاری اسکولس میں زیر تعلیم طلبہ کی صحت اور غذائیت کو یقینی بنانے کیلئے انقلابی اقدامات کی شروعات کی ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے واضح ہدایت جاری کی ہے کہ ریاست میں تمام جدید سنٹرلائزڈ کمیونٹی کچنس کی تعمیر ہر حال میں 30 نومبر 2026 تک مکمل کرلی جائے تاکہ 9 ڈسمبر کو ریاست بھر میں بیک وقت اسکول بریک فاسٹ اسکیم کا آغاز کیا جاسکے۔ چیف منسٹر نے آج اپنی قیامگاہ پر ہرے کرشنا فاؤنڈیشن کے نمائندوں کے ساتھ ملاقات کی۔ اس موقع پر چیف منسٹر کی موجودگی میں جنا سولار سسٹم پرائیویٹ لمٹیڈ اور چین لیز انڈیا پرائیویٹ لمٹیڈ نے اسکولس کے لئے معیاری ناشتہ فراہم کرنے کے غرض سے ہرے کرشنا فاؤنڈیشن کے ساتھ ایک معاہدہ پر دستخط کئے۔ جنا سولار سسٹمس کے سی ایم ڈی شیکھر ریڈی اور سی ای او انیل بابو نے 5.17 کروڑ روپئے کا چیک ہرے کرشنا فاؤنڈیشن کے حوالے کیا۔ چین لیز انڈیا کی نمائندہ سمنتا اور وائس پریسیڈنٹ بی سنتوش کمار نے 4 کروڑ روپئے کا چیک حوالے کیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے ہدایت دی کہ اسکول کے بچوں کو دیا جانے والا ناشتہ صرف کھانے تک محدود نہ رہے بلکہ اس کے دو رس نتائج حاصل کئے جائیں۔ تمام سنٹرلائیزڈ کچنس کو حیدرآباد کے سنٹرل کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر سے منسلک کیا جائے گا تاکہ کھانے کی تیاری اور صفائی کا مکمل نگرانی کی جاسکے۔ بچوں کو دی جانے والی خوراک میں کیلوریز اور غذائیت کا حساب رکھنے کیلئے جدید موبائیل ایپ کا استعمال کیا جائے گا۔ ناشتہ متعلقہ علاقوں کی مقامی عادات اور پسند کے مطابق تیار کیا جائے اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ ہو۔ اسکولس میں بچوں کی جسمانی نشو و نما ، قد ، وزن اور تعلیمی ترقی کا مکمل ڈیجیٹل ریکارڈ برقرار رکھا جائے گا۔ اسکول کے بچوں کو خود ان سنٹرل کچنس کا دورہ کرایا جائے تاکہ وہ صفائی اور کھانے کی تیاری کے جدید عمل کو دیکھ سکیں۔ اس موقع پر ریاستی وزیر پی سرینواس ریڈی ، راجیہ سبھا کے رکن وی نریندر ریڈی ، چیف منسٹر کے پرنسپل سکریٹری سریدھر اور ہرے کرشنا فاؤنڈیشن کے ستیہ گورا چندر داس سوامی بھی موجود تھے۔2/k/m/b