چیف منسٹر ریونت ریڈی جمعہ کو حج ہاؤز سے قافلہ کو وداع کریں گے
حیدرآباد 9 مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ حج کمیٹی سے فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے روانہ قافلے مدینہ منورہ سے مکہ مکرمہ کوچ کررہے ہیں۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی مولانا سید غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ نے بتایا کہ حج کمیٹی کے ابتدائی 2 قافلوں کے عازمین مدینہ منورہ میں 10 دن قیام کے بعد مدینہ منورہ پہونچ گئے۔ یہ عازمین مدینہ منورہ سے حالت احرام میں مکہ مکرمہ پہونچے جہاں فریضۂ عمرہ کی ادائیگی کے بعد حج کی تیاریوں میں مشغول ہوجائیں گے۔ تلنگانہ حج کمیٹی سے تاحال 5 قافلوں کے ذریعہ 1379 عازمین روانہ ہوئے ہیں۔ صدرنشین حج کمیٹی کے مطابق مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ میں عازمین کے لئے رہائش کے مؤثر انتظامات کئے گئے اور تمام عازمین بخیر و عافیت ہیں اور عبادات میں مصروف ہیں۔ حکومت سعودی عرب کی جانب سے مؤثر انتظامات کئے گئے اور حج کمیٹی آف انڈیا کی نگرانی میں ہندوستانی عازمین کے قیام، حمل و نقل اور دیگر انتظامات کئے گئے۔ تلنگانہ حج کمیٹی خادم الحجاج یعنی حج انسپکٹرس سے ربط میں ہے اور روزانہ کی اساس پر رپورٹ طلب کی جارہی ہے۔ عازمین حج کا آئندہ قافلہ 11 مئی کو حیدرآباد انٹرنیشنل ایرپورٹ سے مدینہ منورہ کے لئے روانہ ہوگا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی 16 مئی کو مکہ مکرمہ روانہ ہونے والے عازمین کے پہلے قافلہ کو حج ہاؤز نامپلی سے وداع کریں گے۔ یہ قافلہ رات 12.35 بجے پرواز کرے گا۔ چیف منسٹر جمعہ کی رات حج ہاؤز پہونچ کر عازمین سے خطاب کریں گے اور جھنڈی دکھاکر بسوں کو روانہ کریں گے۔ چیف منسٹر نے حالت احرام میں روانہ ہونے والے عازمین کو وداع کرنے کا فیصلہ کیا جس کے تحت 16 مئی کو پہلا قافلہ روانہ ہورہا ہے۔ حج کمیٹی کی جانب سے آخری قافلہ 29 مئی کو روانہ ہوگا۔1