تلنگانہ کے وزیر کا سوشیل میڈیا اکاؤنٹ ہیک

   

بی جے پی اور تلگودیشم پارٹیوں کا مواد اپ لوڈ کردیا گیا
حیدرآباد۔15جنوری(سیاست نیوز) سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو ہیک کرتے ہوئے ان اکاؤنٹس میں رسائی حاصل کرنے اور غیر ضروری موادان اکاؤنٹس پر اپ لوڈ کرتے ہوئے سرکردہ شہریوں اور سرکاری اداروں کو ہراساں کرنا ہیکرس کا مشغلہ بن چکا ہے۔ ریاستی وزیر مسٹر دامودر راج نرسمہا کے فیس بک پیج کو ہیک کرتے ہوئے آج وزیر کے پیج پر بھارتیہ جنتا پارٹی اور تلگودیشم پارٹی سے متعلق مواد اپ لوڈ کردیا گیا ۔ وزیر کے پیج پر دیگر سیاسی جماعتوں کے مواد کے سلسلہ میں اطلاعات کے ساتھ ہی وزیر کو اس بات سے ان کے حامیوں نے مطلع کیا اور کہا کہ ان کے آفیشل پیج پر بھارتیہ جنتا پارٹی اور تلگودیشم پارٹی کا مواد اپ لوڈ کیا جا رہاہے اور ان کی فرینڈ لسٹ میں شامل لوگوں سے رابطہ کی کوشش کی جار ہی ہے ۔ اس بات کی شکایت موصول ہوتے ہی انھوں نے عہدیداروں کو اس بات سے واقف کروایا اور کہا کہ ان کے آفیشل فیس بک پیج کو ہیک کرلیا گیا ہے اور فوری طور پر ہیکرس کے خلاف کاروائی کے اقدامات کئے جائیں۔وزیر کی جانب سے عہدیداروں کو دی گئی ہدایات کے بعد وزیر موصوف کے پیج کو ہیکرس سے بچانے کے لئے چند گھنٹوں کے لئے آف لائن کردیا گیا اور ان کے پیج پر اپ لوڈ کئے گئے مواد کو ہٹانے کے اقدامات کرتے ہوئے انہیں واقف کروایا گیا کہ ہیکرس نے ان کے فیس بک پیج سے چھیڑ چھاڑ کی جو کوشش کی اس کوشش کو ناکام بناتے ہوئے سائبر کرائم کے عہدیداروں نے پیج کو بحال کردیا ہے لیکن جن ہیکرس کی جانب سے وزیر کے پیج کو ہیک کرتے ہوئے ان کے پاسورڈ تک رسائی حاصل کی گئی ہے ان کے خلاف سائبر کرائم کی جانب سے کاروائی کے سلسلہ میں اقدامات کئے جا رہے ہیں اور کوشش کی جائے گئی کہ وزیر کے پیج کو نشانہ بنانے والوں کو حراست میں لیا جاسکے۔3