تلنگانہ کے کانگریس امیدواروں پر سنٹرل الیکشن کمیٹی کے اجلاس میں غور

   

ریونت ریڈی نے ہائی کمان کو رپورٹ پیش کی، کھمم ، میدک اور بھونگیر کیلئے قائدین میں مسابقت
حیدرآباد۔/19 مارچ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں کانگریس پارٹی کو 13 لوک سبھا حلقوں میں امیدواروں کے انتخاب کیلئے سخت مسابقت کا سامنا ہے۔ نئی دہلی میں کانگریس کی سنٹرل الیکشن کمیٹی کے اجلاس میں 13 لوک سبھا حلقوں کے امکانی امیدوار کے ناموں کا جائزہ لیا گیا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی، ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا، ریاستی وزراء اتم کمار ریڈی اور پی سرینواس ریڈی نے تلنگانہ کے امکانی امیدواروں کے بارے میں ہائی کمان کو رپورٹ پیش کی ہے۔ ذرائع کے مطابق کامیابی کی اہلیت سے متعلق سروے رپورٹ کی بنیاد پر امیدواروں کا انتخاب ہوگا۔ 13 لوک سبھا حلقہ جات میں کھمم، میدک اور بھونگیر نشستوں کیلئے پارٹی قائدین میں کافی مسابقت ہے۔ کھمم نشست کیلئے ریاستی وزراء بھٹی وکرامارکا، سرینواس ریڈی اور ٹی ناگیشورراؤ نے اپنے اپنے قریبی رشتہ داروں کے نام پیش کئے ہیں۔ ہائی کمان کو اس حلقہ کے امیدوار کے انتخاب میں کافی مشقت کرنی پڑے گی۔ چیوڑلہ لوک سبھا نشست سے رنجیت ریڈی کے نام کو قطعیت دی گئی ہے جو دو دن قبل بی آر ایس سے کانگریس میں شامل ہوئے۔ وہ بی آر ایس کے رکن پارلیمنٹ ہیں۔ وقارآباد ضلع پریشد چیر پرسن کے عہدہ سے استعفی دے کر کانگریس میں شمولیت کرنے والے پی سنیتا مہیندر ریڈی نے چیوڑلہ لوک سبھا حلقہ سے دعویداری پیش کی تھی لیکن انہیں ملکاجگیری سے امیدوار بنایا جاسکتا ہے۔ سکندرآباد لوک سبھا حلقہ کیلئے بی آر ایس رکن اسمبلی ڈی ناگیندر کے نام کو تقریباً قطعیت دے دی گئی۔ اس نشست کیلئے سابق میئر بی رام موہن نے بھی دعویداری پیش کی تھی۔ پدا پلی لوک سبھا حلقہ کیلئے رکن اسمبلیی جی ویویک کے فرزند ومشی کرشنا کو ٹکٹ دیا جاسکتا ہے۔ نظام آباد لوک سبھا حلقہ کیلئے رکن کونسل جیون ریڈی، کریم نگر سے پروین ریڈی، ناگر کرنول سے ملوروی یا سمپت کمار کے نام زیر غور ہیں۔ حیدرآباد لوک سبھا حلقہ سے بعض قائدین نے درخواست دی تھی لیکن تازہ ترین سیاسی تبدیلی اور مجلس کی کانگریس سے قربت کے پیش نظر کوئی بھی مقابلہ کیلئے تیار نہیں ہے۔ کانگریس نے چار حلقہ جات محبوب نگر، نلگنڈہ، ظہیرآباد اور محبوب آباد کیلئے امیدواروں کا اعلان کیا ہے۔ بھونگیر نشست کیلئے کئی سینئر قائدین کے درمیان مسابقت ہے جن میں کرن کمار ریڈی سرفہرست ہیں۔ ریاستی وزیر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے اپنے قریبی رشتہ دار کا نام تجویز کیا ہے۔ میدک لوک سبھا حلقہ کیلئے کئی سینئر قائدین کی دعویداری سے ہائی کمان الجھن میں ہے۔ ذرائع کے مطابق تلنگانہ کے باقی 13 امیدواروں کی فہرست دو مراحل میں جاری کی جائے گی۔ 1