تلنگانہ کے 90 لاکھ نوجوان رائے دہندوں کا الیکشن میں فیصلہ کن موقف

   

کانگریس ، بی آر ایس اور بی جے پی کی نظریں ،30 ہزار احکام تقرر کی اجرائی سے کانگریس کو فائدہ
حیدرآباد ۔ 12 ۔ اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ کے لوک سبھا انتخابات میں 18 سے 35 سال عمر کے 90 لاکھ رائے دہندے فیصلہ کن رول ادا کریں گے۔ کانگریس ، بی آر ایس اور بی جے پی نے 90 لاکھ رائے دہندوں پر خصوصی توجہ مرکوز کی ہے اور نوجوان نسل کو راغب کرنے کیلئے مختلف وعدے کئے جارہے ہیں۔ تلنگانہ میں عام طور پر نوجوان رائے دہندوںکی تعداد سابق میں کم رہی ہے لیکن حالیہ برسوں میں فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت کی مہم کا مثبت اثر ہوا اور نوجوان رائے دہندوںکی تعداد 90 لاکھ تک پہنچ چکی ہے۔ تمام سیاسی پارٹیوںکی نظریں نوجوان رائے دہندوں پر ہیں جن میں 18 سے 19 سال عمر کے 9 لاکھ رائے دہندے ہیں جبکہ 19 سے 35 سال عمر کے رائے دہندوں کی تعداد 81 لاکھ بتائی گئی ہے۔ مجموعی طور پر 90 لاکھ نوجوان رائے دہندے متحدہ طور پر جس پارٹی کی تائید کریں گے ، اس کی کامیابی یقینی رہے گی۔ کانگریس نے نوجوانوں کیلئے تقررات اور دیگر تیقنات کو بنیاد بناکر ووٹ کی اپیل کی ہے۔ بی آر ایس دور حکومت میں زیر التواء 30 ہزار جائیدادوں پر تقررات کے احکامات کانگریس حکومت نے جاری کئے ۔ 100 دن میں 30 ہزار احکام تقرر حوالگی سے کانگریس قیادت مطمئن ہے کہ اسے نوجوانوں کے ووٹ حاصل ہوں گے ۔ میگا ڈی ایس سی کے ذریعہ 50 ہزار اساتذہ کی جائیدادوں پر تقررات کا منصوبہ ہے۔ بی آر ایس دور حکومت میں امتحانی پرچہ جات کے افشاء اور خاص طور پر پبلک سرویس کمیشن کے امتحانی پرچہ جات کے افشاء سے نوجوانوں میں ناراضگی پائی جاتی ہے۔ کانگریس پارٹی گروپ I اور دیگر امتحانات کی منسوخی کیلئے سابق بی آر ایس حکومت کو ذمہ دار قرار دے رہی ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کا ماننا ہے کہ اسمبلی انتخابات میں نوجوانوں کی تا ئید کے سبب کانگریس کو اقتدار حاصل ہوا۔ انہوں نے اندرون ایک سال دو لاکھ جائیدادوں پر تقررات کا وعدہ کیا ہے ۔ حکومت نے 2025 سے سالانہ جاب کیلنڈر جاری کرنے کا وعدہ کیا جو یونین پبلک سرویس کمیشن کی طرز پر ہوگا۔ بی آر ایس اور بی جے پی اپنے اپنے ایجنڈہ کے ساتھ نوجوان ووٹرس سے رجوع ہورہے ہیں۔ بی آر ایس قائدین کا ماننا ہے کہ ریونت ریڈی حکومت نے 30 ہزار احکام تقرر جو حوالے کئے وہ بی آر ایس دور حکومت کے ہیں۔ حکومت کی تبدیلی کا کانگریس نے فائدہ اٹھایا ہے ۔ بی جے پی نوجوانوں کی تائید حاصل کرنے کیلئے نریندر مودی حکومت کے کارناموں کو پیش کر رہی ہے۔ 1