تہوار کے دن لوگوں کے پیار سے اعتماد میں اضافہ: شیوراج

   

ساگر/ بھوپال: مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے کہا ہے کہ دیوالی کے تہوار کے دن جس طرح لوگوں نے آج پیار اور آشیرواد کی بارش کی ہے ، اس سے ہماری جیت کا اعتماد دوگنا ہو گیا ہے ۔ساگر ضلع کے کھرائی میں بی جے پی امیدوار بھوپیندر سنگھ کی حمایت میں روڈ شو کے انعقاد کے ساتھ ساتھ، مسٹر چوہان نے جلسہ عام سے خطاب کیا اور جیت کے لیے علاقے کے لوگوں سے دعائیں مانگیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے دیوالی کے تہوار پر اپنے پیار اور آشیرواد کی بارش کرکے ہماری جیت کا اعتماد دوگنا کردیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حمایت کی یہ لہر یہ ظاہر کر رہی ہے کہ ریاست میں بی جے پی دوبارہ آ رہی ہے ۔ مسٹر چوہان نے بھوپال ضلع کے بیرسیا میں منعقدہ عام اجلاس سے بھی خطاب کیا۔کانگریس اور سابق وزیر اعلیٰ کمل ناتھ کو مغرور بتاتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مسٹر کمل ناتھ کہتے ہیں کہ ان کی چکّی بہت باریک پیستی ہے ، لیکن مسٹر کمل ناتھ نے کانگریس کو اپنی چکی میں پیس لیا۔ مسٹر چوہان نے کسانوں سے کہا کہ ہم گیہوں 2700 روپے اور دھان 3100 روپے فی کوئنٹل خریدیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے قرض معافی کے نام پر کسانوں کو صرف دھوکہ دیا ہے ۔ کانگریس کبھی ترقی نہیں کر سکتی۔ ترقی صرف بی جے پی نے کی ہے اور ترقی کی یہ سلسلہ جاری رہے گا۔مسٹر چوہان نے کمل ناتھ حکومت پر الزام لگایا کہ ان کی حکومت نے ہمارے بچوں کی سائیکلیں اور لیپ ٹاپ بھی چھین لیے تھے ۔ لیکن بچوں کے خوابوں کو مرنے نہیں دیں گے ۔ بچو تم پوری لگن سے پڑھو، ماما تمہارے ساتھ ہیں۔ لاڈلی بہنا یوجنا کے بعد ہمارا عزم ‘لکھ پتی بہنا’ ہے ۔