تیجسوی سوریہ کے بیانات تلنگانہ کی توہین : الماس خان

   

نرمل ۔18 اپریل ۔ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز )تلنگانہ یوتھ کانگریس کے ریاستی جنرل سیکریٹری الماس خان نے بی جے پی کے رکنِ پارلیمنٹ تیجسوی سوریہ کے پارلیمنٹ میں ڈیلیمٹیشن بل پر بحث کے دوران دیئے گئے بیانات کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بیانات نہ صرف تاریخی ناواقفیت کو ظاہر کرتے ہیں بلکہ تلنگانہ کے شہداء کی قربانیوں کی توہین بھی ہیں۔الماس خان نے تیجسوی سوریہ کی جانب سے تلنگانہ کے قیام کو تقسیمِ ہند سے تشبیہ دینے کو ’’انتہائی غیر ذمہ دارانہ اور توہین آمیز ‘‘ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کا قیام آئین کے آرٹیکل 3 کے تحت ایک جمہوری اور قانونی عمل کے ذریعے ممکن ہوا، جس کے لیے 1200 سے زائد شہداء نے قربانیاں دیں اور لاکھوں افراد نے جدوجہد کی۔الماس خان نے تیجسوی سوریہ کی وضاحت کو ‘‘دیر سے کی گئی ایک کمزور کوشش قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے تلنگانہ کے عوام کی دل آزاری کا ازالہ نہیں ہو سکتا۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ تیجسوی سوریہ فوراً تلنگانہ کے عوام اور شہداء کے خاندانوں سے غیر مشروط معافی مانگیں، اور ان کے بیانات کو پارلیمنٹ کے ریکارڈ سے حذف کیا جائے۔ ساتھ ہی پارلیمانی وقار کو برقرار رکھنے کے لیے مناسب کارروائی کی جائے۔