تین مار ملنا کے یوٹیوب چیانل کے دفتر پر حملہ، توڑ پھوڑ، فرنیچر و کمپیوٹرس تباہ

   

وزیر کے ٹی آر کے خلاف بیان پر حملہ کا شبہ، پولیس مصروف تحقیقات
حیدرآباد۔/19 مارچ، ( سیاست نیوز) جہد کار چنتا پنڈو نوین عرف تین مار ملنا کے یو ٹیوب چینل کے دفتر پر نامعلوم افراد نے اتوار کی شام اچانک حملہ کردیا۔ میڈی پلی پولیس اسٹیشن حدود میں واقع QNews کے دفتر پر بعض نامعلوم افراد نے اچانک گھس کر توڑ پھوڑ مچائی اور وہاں پر موجود فرنیچر اور کمپیوٹرس کو بھی تباہ کردیا۔ اس واقعہ کے دوران تین مار ملنا دفتر میں موجود نہیں تھے جبکہ اتوار ہونے کے باعث مختصر اسٹاف کام کررہا تھا۔ تین مار ملنا کا دفتر پیرزادی گوڑہ میڑچل ملکاجگیری ضلع میں واقع ہے اور اس حملہ کے بعد QNews کے ملازمین نے سڑک پر اچانک احتجاج کیا جس کے بعد علاقہ میں ہلکی سی کشیدگی پھیل گئی۔ اس واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس میڈی پلی نے وہاں پہنچ کر تحقیقات کا آغاز کیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ ملنا نے ریاستی وزیر کے ٹی راما راؤ کے خلاف ایک بیان جاری کیا تھا جس کے نتیجہ میں یہ حملہ ہونے کا شبہ ہے جبکہ جہد کار نے اپنے بیان میں بتایا کہ بی آر ایس پارٹی سے وابستہ 25 افراد کے گروپ نے ان کے دفتر پر حملہ کیا ہے اور ان حملہ آوروں کی پولیس پشت پناہی کررہی ہے۔ واضح رہے کہ تین مار ملنا جو خود کو صحافی ظاہر کرتے ہیں یو ٹیوب پراکثر چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ اور ان کی حکومت کے بارے میں تنقیدیں کرتے ہیں۔ سال 2021 میں قانون ساز کونسل کی گریجویٹ نشست کے انتخابات کے دوران انہوں نے بی آر ایس پارٹی کے امیدوار پلے راجیشور ریڈی کو کڑا مقابلہ دیا تھا بعد ازاں ان کے خلاف 38 مقدمات درج کئے گئے تھے اور 73 دن کیلئے پی ڈی ایکٹ کے تحت جیل بھی بھیجا گیا تھا۔ حکومت کے اس اقدام کے بعد تین مار ملنا نے بھارتیہ جنتا پارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی۔ب