ثانیہ مرزا لوک سبھاحلقہ حیدرآباد سے کانگریس کی امیدوار ؟

,

   

دو خاتون امیدواروں سے اسد اویسی کا مقابلہ، کانگریس ہائی کمان کا فیصلہ ابھی باقی
حیدرآباد۔/27 مارچ، ( سیاست نیوز) حیدرآباد لوک سبھا حلقہ کے کانگریس امیدوار کے بارے میں جاری تجسس توقع ہے کہ آج ختم ہوجائیگا جبکہ نئی دہلی میں کانگریس کی سنٹرل الیکشن کمیٹی 8 حلقہ جات کیلئے امیدواروں کے ناموں کو قطعیت دے گی۔ اسی دوران کانگریس پارٹی کے حلقوں میں لوک سبھا حلقہ حیدرآباد سے سابق ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کو امیدوار بنائے جانے کی قیاس آرائیاں جاری ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ کانگریس پارٹی کے شہر سے تعلق رکھنے والے قائدین نے حیدرآباد میں سخت مقابلہ کو یقینی بنانے کیلئے ثانیہ مرزا کو امیدوار بنانے کی سفارش کی ہے۔ سابق کرکٹر محمد اظہر الدین جنہوں نے جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ سے مقابلہ کیا تھا وہ اپنی رشتہ دار ثانیہ مرزا کی مقبولیت کو کانگریس ووٹ بینک میں تبدیل کرنے کیلئے حیدرآباد سے میدان میں اتارنے کی ہائی کمان کو تجویز پیش کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ سونیا گاندھی نے اس تجویز سے اتفاق کیا ہے۔ وائی ایس شرمیلا نے بھی ثانیہ مرزا کے نام کی تجویز پیش کی ہے۔ واضح رہے کہ بی جے پی نے لوک سبھا حلقہ حیدرآباد سے مجلس کے صدر اسد الدین اویسی کے خلاف خاتون امیدوار کو میدان میں اتارا ہے۔ ثانیہ مرزا کو امیدوار بنائے جانے کی صورت میں اسد اویسی کو دونوں خاتون امیدواروں سے مقابلہ درپیش رہے گا۔ بی جے پی نے شہر کے ایک کارپوریٹ ہاسپٹل کی سربراہ مادھوی لتا کو امیدوار بنایا ہے۔ بی آر ایس دور حکومت میں ثانیہ مرزا کو ریاست کا برانڈ ایمبسیڈر مقرر کیا گیا تھا۔ لوک سبھا حلقہ حیدرآباد سے مقابلہ کے بارے میں ثانیہ مرزا کی جانب سے کوئی وضاحت نہیں آئی ہے تاہم اس سلسلہ میں آج رات پارٹی ہائی کمان اپنے موقف کو واضح کردے گا۔1