جائیداد ٹیکس ، 11 کروڑ کے چیکس باؤنس

   

جائیداد مالکین کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے جی ایچ ایم سی کا فیصلہ
حیدرآباد۔17اپریل(سیاست نیوز) جائیداد ٹیکس کی ادائیگی کے سلسلہ میں مجلس بلدیہ عظیم ترحیدرآباد میں جمع کروائے گئے 11 کروڑ کے چیک باؤنس ہونے پر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیدارو ںنے بلدی حدود میں ان جائیداد مالکین کے خلاف ایف آئی آر درج کروانے کا فیصلہ کیاہے جن کے چیک باؤنس ہوئے ہیں۔ جی ایچ ایم سی نے مالی سال 2023-24 کے دوران جائیداد ٹیکس کے ذریعہ جملہ 1921 کروڑ وصول کئے تھے جن میں 11کروڑ کے چیکس باؤنس ہوچکے ہیں۔ کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے 7 جی ایچ ایم سی سرکل کے حدود میں چیک باؤنس کے ان واقعات کا سخت نوٹ لیتے ہوئے اپنے ماتحت عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ فوری طور پر چیک باؤنس کے ایف آئی آر درج کروانے کا عمل شروع کریں اور ان جائیداد مالکین سے بقایاجات کی فوری وصولی کے اقدامات کریں بصورت دیگر ان کے خلاف فوجداری مقدمات کے اندراج سے بھی گریز نہ کیا جائے۔ کمشنر جی ایچ ایم سی مسٹر رونالڈ روس کے مطابق بلدی حدود میں 7 سرکلس میں جملہ 39 چیک باؤنس ہوئے ہیں جن کے خلاف ایف آئی آر درج کروانے کی ہدایت دی جاچکی ہے۔ عہدیداروں کے مطابق چندا نگر میں 13 چیک باؤنس کے علاوہ جوبلی ہلز سرکل میں 5 چیک باؤنس ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ شیرلنگم پلی میں 4یوسف گوڑہ سرکل میں 8 قطب اللہ پور سرکل میں 4 موسیٰ پیٹ سرکل میں 4کے علاوہ کوکٹ پلی میں 1 چیک باؤنس ہونے کی توثیق ہوئی ہے جن کے خلاف ایف آئی آر درج کروائی جائے گی۔مسٹر رونالڈ روس نے شہریوں اور ٹیکس دہندگان سے اپیل کی کہ وہ مستقبل میں چیک باؤنس کا خصوصی خیال رکھیں کیونکہ چیک باؤنس کی صورت میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے سخت کاروائی کی جائے گی اور مقدمات درج کروائے جائیں گے۔ انہو ںنے بلدیہ کی جانب سے فراہم کی جانے والی جائیداد ٹیکس کی ادائیگی کی اسکیم سے استفادہ کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اس اسکیم کے ذریعہ جاریہ سال کے ٹیکس پر جائیداد مالکین 5 فیصد رعایت حاصل کرسکتے ہیں اور یہ اسکیم 30اپریل تک جاری رہے گی۔3