جامعہ ملیہ اسلامیہ کے ذریعہ اقلیتی طلبہ کیلئے مفت آئی اے ایس کوچنگ

   

حیدرآباد۔/7 اپریل، ( سیاست نیوز) جامعہ ملیہ اسلامیہ نئی دہلی کی جانب سے اقلیتی، ایس سی، ایس ٹی اور خاتون امیدواروں کیلئے سیول سرویسیس کوچنگ کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ ہاسٹل کی سہولت کے ساتھ یہ کوچنگ مفت رہے گی جس کے لئے دلچسپی رکھنے والے امیدواروں سے درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔ آن لائن درخواستوں کے ادخال کا آغاز ہوچکا ہے اور 19 مئی تک درخواستیں داخل کی جاسکتی ہیں۔ جامعہ ملیہ اسلامیہ کے پورٹل پر 21 اور22 مئی کو درخواست گذار درخواستوں میں ترمیم کرسکتے ہیں۔ امیدواروں کیلئے یکم جون 2024 کو پیپرI جنرل اسٹڈیز کا امتحان صبح 10 تا 12 بجے دن اور پیپر II ایس اے رائٹنگ دوپہر 12 تا ایک بجے دن رہے گا۔ تحریری امتحانات کے نتائج کا 20 جون کو اعلان کیا جائے گا جبکہ امیدواروں سے آن لائن انٹرویو 24 جون کو رہے گا۔ قطعی نتائج کا 12 جولائی کو اعلان کیا جائے گا اور 22 جولائی تک داخلے مکمل کرلئے جائیں گے۔ ویٹنگ لسٹ کے امیدوار 25 جولائی تک رجسٹریشن کراسکتے ہیں اور ان کے داخلے 30 جولائی کو مکمل ہوں گے۔ 31 جولائی سے کلاسیس کا آغاز ہوگا۔ انٹرنس ٹسٹ ملک کے 10 شہروں میں منعقد کیا جائے گا جن میں دہلی، سرینگر، جموں، حیدرآباد، گوہاٹی، ممبئی، پٹنہ، لکھنؤ، بنگلورو اور ملا پورم ( کیرالا ) شامل ہیں۔1