جب تک مساجد کے لاؤڈاسپیکر خاموش نہیں ہوتے ہنومان چالیسہ بجائیں گے

   

تقریباً92 فیصد مساجد نے لاؤڈاسپیکر استعمال نہیں کیا ، مہاراشٹرا پولیس پر تنقید ، راج ٹھاکرے کی پریس کانفرس

ممبئی۔اپنے شدید موقف کو جاری رکھتے ہوئے مہاراشٹر نو نرمان سینا (ایم این ایس) کے سربراہ راج ٹھاکرے نے چہارشنبہ کے روز کہا کہ ان کی پارٹی کے کارکن اس وقت تک زور سے ہنومان چالیسہ بجاتے رہیں گے جب تک کہ مساجد کے لاؤڈ اسپیکر خاموش نہیں ہوجاتے۔ یہاں ایک پریس کانفرنس میں راج ٹھاکرے نے مہاراشٹرا پولیس پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ پولیس ان کی پارٹی کے کارکنوں کو حراست میں لے رہی ہے لیکن قانون پر عمل نہ کرنے والوں کو چھوڑ رہی ہے۔ایم این ایس سربراہ نے دعویٰ کیا کہ جب انہوں نے مساجد کے باہر ہنومان چالیسہ بجانے کے لیے کہا تو 90 سے 92 فیصد مساجد نے صبح کی اذان کے لیے لاؤڈ اسپیکرکا استعمال نہیں کیا۔انہوں نے چہارشنبہ سے مساجد میں لاؤڈ اسپیکر کے خلاف اپنی تحریک شروع کرنے کا انتباہ دیا تھا۔راج ٹھاکرے نے دعویٰ کیا کہ ممبئی میں 1,104 مساجد ہیں، جن میں سے 135 نے چہارشنبہ کو صبح فجرکی نمازکے دوران لاؤڈ اسپیکر کا استعمال کیا۔ انہوں نے پوچھا کہ ان مساجد کے خلاف کیا کارروائی کی جا رہی ہے، جنہوں نے قانون کی خلاف ورزی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے کارکنوں کے خلاف کارروائی کیوں کی جاتی ہے جبکہ قانون شکنی کرنے والوں کے خلاف کچھ نہیں کیا جاتا۔ یہ معاملہ صرف صبح فجرکی اذان تک محدود نہیں ہے۔ اگر دن میں چار پانچ بار نماز اور اذان کے لیے لاؤڈ اسپیکر کا استعمال کیا جائے تو ہمارے لوگ بھی دوگنی آواز میں ہنومان چالیسہ بجاتے رہیں گے۔ یہ (احتجاج) صرف ایک دن کے لیے نہیں ہے جب تک اذان کیلے لاؤڈاسپیکر استعمال ہوگا ہمارا یہ ہی رد عمل ہوگا۔ راج ٹھاکرے نے کہا کہ اگر کوئی مندر سپریم کورٹ کے طے کردہ اصولوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے تو اسے بھی رہنما خطوط پر عمل کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اگر مساجد لاؤڈ اسپیکر استعمال کرتی ہیں تو انہیں سپریم کورٹ کی طرف سے مقررکردہ آوازکی حد پر عمل کرنا چاہیے۔قبل ازیں ممبئی پولیس نے آج کئی ایم این ایس کارکنوں کو حراست میں لے لیا جو راج ٹھاکرے کی رہائش گاہ کے باہر جمع ہوئے تھے۔یادر ہے کہ اس وقت ہندوستان بھر میں لاؤڈاسپیکر پر دی جانے والی اذان کے خلاف احتجاج کیا جارہا ہے اور مہاراشٹرا میں ٹھاکرے نے رمضان کے دوران ہی کہا تھا کہ اب چونکہ رمضان کاچل رہے ہے تو وہ خاموش ہیں لیکن عید کی صبح سے اذان کے خلاف ان کا احتجاج سخت ہوگا ۔جب بھی لاؤڈاسپیکر پر اذان دی جائے گی تو ہنومان چالیسہ بجایا جائے گا۔