جرائم و حادثات

   

فن لینڈ میں لاپتہ حیدرآبادی طالب علم کی نعش دستیاب
نیشنل بیورو آف انوسٹی گیشن نے والدین کو اطلاع دی
حیدرآباد۔ 12 جولائی (سیاست نیوز) فن لینڈ میں 2 ماہ سے لاپتہ حیدرآبادی طالب علم منی دیپ ریڈی کو تلاشی مہم کے دوران نیشنل بیورو آف انوسٹی گیشن نے مردہ پایا۔ 18 سالہ منی دیپ ریڈی کو سرکاری طور پر فوت قرار دیا گیا ہے۔ فن لینڈ کے عہدیداروں نے منی دیپ ریڈی کی موت کے سلسلہ میں کسی جرم کے ثبوت سے انکار کیا ہے تاہم متوفی لڑکے کے افراد خاندان نے شبہات کا اظہار کرتے ہوئے آزادانہ تحقیقات کی مانگ کی ہے۔ حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے منی دیپ ریڈی فن لینڈ کی یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی میں انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کررہے تھے۔ وہ 4 جون سے لاپتہ تھے۔ افراد خاندان کو 9 جولائی کو فن لینڈ کے نیشنل بیورو آف انوسٹی گیشن سے ای میل وصول ہوا جس میں سمندر سے منی دیپ کی نعش ملنے کی اطلاع دی گئی۔ منی دیپ آخری مرتبہ سمندر کے ساحل پر دیکھا گیا تھا۔ فن لینڈ کے عہدیداروں نے والدین کو اطلاع دی کہ شناخت کا کام مکمل ہوچکا ہے۔ ہندوستانی سفارتخانہ کو بھی حیدرآبادی طالب علم کی موت کی اطلاع دی گئی۔ منی دیپ کے افراد خاندان موت کے حقائق کا پتہ چلانے کے لئے تحقیقات کا مطالبہ کررہے ہیں۔ 1؍F

سیر و تفریح کے دوران خانگی ٹیچر کی ہارٹ اٹیک سے موت

حیدرآباد : /12 جولائی (سیاست نیوز) ضلع وقار آباد اننتاگری ہلز جنگلاتی علاقہ میں سیر و تفریح کیلئے گئی خانگی اسکول ٹیچر کی ہارٹ اٹیک سے فوت ہوگئی ۔ تفصیلات کے مطابق 47 سالہ پرینکا مول ساکن کنچن باغ اتوار کو اپنے افراد خاندان کے ہمراہ وقار آباد کے سیاحتی جنگلاتی علاقہ اننتاگری ہلز کو تفریح کیلئے گئی تھی ۔ وہاں پرینکا ٹریکنگ کرتے ہوئے پہاڑ پر چڑھنے کی کوشش کررہی تھی کہ وہ اچانک گرپڑی ۔ انتہائی بے سود حالت میں دیکھنے کے بعد پرینکا مول کے افراد خاندان نے اسے فوری وقار آباد سرکاری ہاسپٹل منتقل کیا جہاں پر ڈاکٹروں نے بعد معائنہ مردہ قرار دیا ۔ڈاکٹروں نے بتایا کہ پرینکا کی موت ہارٹ اٹیک سے ہوئی ۔ خانگی ٹیچر کی موت پر اس کے افراد خاندان میں غم کی لہر دوڑ گئی ۔ ب y/

بین ریاستی گانجہ اسمگلنگ کی ٹولی بے نقاب ۔ 41 کیلو گانجہ ضبط
حیدرآباد 12 جولائی (سیاست نیوز) ریاست کی انسداد منشیات ایگل فورس نے بین ریاستی گانجہ کی اسمگلنگ کی ٹولی کو بے نقاب کرتے ہوئے 41 کیلو گانجہ جس کی مالیت 20 لاکھ روپئے ہے، ضبط کرلیا ۔ یہ منشیات اوڈیشہ سے حیدرآباد بذریعہ خانگی ٹراویلس بس منتقل کئے جا رہے تھے۔ ایگل فورس نے اسمگلرس کا تعاقب کرکے 3 افراد کو گرفتار کرلیا جو خانگی ٹراویلس کے ملازمین ہیں۔ ایگل فورس کے مطابق 22 سالہ کے لکشمن، 32 سالہ کے کوملا اور 33 سالہ ایم بابو جن کا تعلق ملکان گیری اوڈیشہ سے ہے کو گرفتار کرلیا گیا ۔ایگل ٹیم نے بتایا کہ خانگی ٹراویلس کے ملازمین ملکان گیری کے گانجہ اسمگلر نوبن کی مدد سے یہ ریاکٹ چلارہے تھے۔ گرفتار افراد کو عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل بھیج دیا گیا۔ب؍V

سڑک حادثہ میں اوڈیشہ سے تعلق رکھنے والا نوجوان فوت
حیدرآباد : /12 جولائی (سیاست نیوز)کند کور علاقہ میں پیش آئے سڑک حادثہ میں اوڈیشہ سے تعلق رکھنے والا ایک نوجوان ہلاک ہوگیا ۔ پولیس کے مطابق 21 سالہ بپلب سرکار ساکن مہیشورم جس کا تعلق اوڈیشہ سے ہے ہفتہ کی رات ایک بجے علاقہ کندوکور سے جارہا تھا کہ تیزرفتار کار نے اس کی موٹر سائیکل کو ٹکر دیدی ۔ اس حادثہ میں سرکار برسرموقع ہلاک ہوگیا اور پولیس نے نعش کو بغرض پوسٹ مارٹم دواخانہ عثمانیہ کے مردہ خانہ منتقل کیا۔بy/

ڈی ایس پی بھیم ریڈی رشوت ستانی کیس ۔ 19 ڈی ایس پیز کو نوٹس کی اجرائی

حیدرآباد : /12 جولائی (سیاست نیوز) ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس ایس بھیم ریڈی کے رشوت ستانی کیس کی تحقیقاتی میں اینٹی کرپشن بیورو نے اس پولیس عہدیدار سے تعلقات رکھنے والے 19 ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس عہدیداروں کو نوٹس جاری کئے جانے کی اطلاع ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ گرفتار عہدیدار ایس بھیم ریڈی کے موبائل فون کے تجزیہ سے یہ معلوم ہوا کہ وہ دیگر پولیس عہدیداروں سے مسلسل ربط میں تھا اور وہ غیرمحسوب اثاثہ جات کے تحت مال اکٹھا کرنے اور رئیل اسٹیٹ کاروبار میں شراکت داری کرتا تھا ۔ اے سی پی کو علم ہونے پر 19 ڈی ایس پیز کو نوٹس جاری کیا ہے اور انہیں پوچھ گچھ کیلئے اے سی پی ہیڈکوارٹر واقع بنجارہ ہلز طلب کئے جانے کی اطلاع ہے ۔ واضح رہے کہ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس ایم بھیم ریڈی کے مکان پر اے سی بی عہدیداروں نے /7 جولائی کو دھاوا کیا تھا جہاں پر 300 کروڑ سے زائد غیرمحسوب اثاثہ جات رکھنے اور کئی بے نامی افراد کے نام پر ملکیت رجسٹر کرنے کا انکشاف ہوا تھا ۔ دو دن بعد بھیم ریڈی کو دواخانہ سے ڈسچارج ہونے پر اسے گرفتار کرلیا گیا تھا ۔ اے سی بی اس کیس میں تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہے اور کئی عہدیداروں کو بھی تحقیقات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے ۔ بy/

جوبلی ہلز میں بے قابو لگژری کار رہائشی اپارٹمنٹ میں گھس پڑی
حیدرآباد 12 جولائی (سیاست نیوز) شہر کے پاش علاقہ جوبلی ہلز میں پھر ایک مرتبہ بے قابو لگژری فیراری کار رہائشی علاقہ کے ایک اپارٹمنٹ میں گھس پڑی۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ روڈ نمبر 5 جوبلی ہلز میں آج صبح اُس وقت پیش آیا جب فورٹ ویو اپارٹمنٹ کی گیٹ کو اچانک ایک تیز رفتار فیراری کار نے ٹکر دے دی۔ اِس حادثہ میں فیراری کار تباہ ہوگئی لیکن اِس کا ڈرائیور بچ نکلنے میں کامیاب ہوگیا۔ حادثہ سے معلوم ہوتا ہے کہ کار ڈرائیور حالت نشہ میں تھا اور تیز رفتاری سے کار چلارہا تھا جس کے نتیجہ میں اپارٹمنٹ کی گیٹ کو ٹکر دے دی۔ب؍V