اعداد و شمار میں کمی کیلئے احتیاطی تدابیر ناگزیر، نلگنڈہ میں بیداری پروگرام، شیودھر ریڈی اور ریاستی وزیر اے لکشمن کمار کا خطاب
نلگنڈہ 15 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلنگانہ میں ‘‘عوامی حکمرانی – ترقیاتی منصوبہ’’ کے تحت جاری ’’Arrive Alive‘‘ روڈ سیفٹی مہم کے سلسلے میں ریاست کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) شیو دھر ریڈی نے آج ضلع نلگنڈہ کا دورہ کیا اور مختلف آگاہی پروگراموں میں شرکت کی۔اس موقع پر ضلع پولیس کے زیرِ اہتمام چٹیال منڈل کے ولیمینیڈو کے قریب نیشنل ہائی وے-65 پر ایک خصوصی ہورڈنگ نصب کیا گیاجس پر یہ انتباہی پیغام درج تھا ‘‘تمہاری گاڑی تیز چل سکتی ہیلیکن تمہاری زندگی رک سکتی ہے’’۔ اس ہورڈنگ کا افتتاح ڈی جی پی شیو دھر ریڈی نے ڈی آئی جی ایل۔ایس۔ چوہان اور ضلع ایس پی شرت چندر پوار کے ہمراہ انجام دیا۔بعد ازاں ڈی جی پی نے نکریکل کے نارائنا ہائی اسکول کا دورہ کیا جہاں طلبہ کو ٹریفک قوانین ہیلمٹ کے استعمال سیٹ بیلٹ کی اہمیت اور سڑک حادثات سے بچاؤ کے بارے میں تفصیلی آگاہی فراہم کی گئی۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ کم عمری سے ہی ٹریفک اصولوں کی پابندی کو اپنی عادت بنائیں۔اس خصوص میں نکریکل منی اسٹیڈیم میں ایک بڑے اجلاس کا انعقاد عمل میں آیا جس میں ضلع انچارج وزیر اے۔ لکشمن کمار گورنمنٹ وہپ ویمولا ویریشم، ایم ایل سی این۔ ستیم ڈیری ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے چیئرمین گتّہ امیت ریڈی ارکانِ اسمبلی بی۔لکشما ریڈی اور سمائل سمیت ضلع کے اعلیٰ عہدیداراور عوامی نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر ادلوری لکشمن کمار نے کہا کہ سڑک حادثات کی روک تھام کے لیے عوام میں شعور بیدار کرنا ناگزیر ہے۔ریاستی ڈی جی پی این۔شیو دھر ریڈی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ریاست میں جرائم کے مقابلے میں سڑک حادثات میں اموات کی شرح کہیں زیادہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سالانہ تقریباً 800 افراد قتل جبکہ 7500 افراد سڑک حادثات میں جان گنوا رہے ہیں۔ نلگنڈہ ضلع میں 24 افراد کا قتل ہواجبکہ 325 افراد حادثات میں اور سوریہ پیٹ ضلع میں 25 افرادکا قتل جبکہ 230 افراد سڑک حادثات میں ہلاک ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ان افسوسناک اعداد و شمار میں کمی کے لیے تمام محکموں کو باہمی تعاون سے کام کرنا ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ سڑک حادثات میں جاں بحق ہونے والوں میں 65 فیصد پیدل چلنے والے اور موٹر سائیکل سوار شامل ہیں اس لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا نہایت ضروری ہے۔ضلع کلکٹر بی۔ چندر شیکھر نے بتایا کہ 13 تھا 18/ اپریل تک ضلع بھر میں ‘‘Arrive Alive’’ مہم کے تحت مختلف سرگرمیاں جاری ہیں جبکہ ایس پی شرت چندر پوار نے کہا کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں اس سال سڑک حادثات میں کمی آئی ہے اور ڈیفینسو ڈرائیونگ کے ذریعے مزید کمی ممکن ہے۔پروگرام کے دوران 2000 افراد میں ہیلمٹ تقسیم کیے گئے جبکہ تقریباً 40 دیہات کے سرپنچوں نے اپنے علاقوں میں بغیر ہیلمٹ گاڑی نہ چلانے کا عہد کیا۔ اس کے علاوہ ایک شخص کوجس نے حادثے کے شکار فرد کو بروقت اسپتال پہنچا کر اس کی جان بچائی مرکزی حکومت کی اسکیم کے تحت 25 ہزار روپے انعام بھی دیا گیا۔اختتام پر تمام شرکاء سے روڈ سیفٹی کا حلف لیا گیا جبکہ اس موقع پر عوام نوجوانوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد موجود تھی۔