جرمن عوام ویکسینیشن مہم سے کافی مایوس

   

برلن : جرمنی میں ویکسینیشن مہم پر سے ملکی باشندوں کا اعتبار اٹھتا جا رہا ہے لیکن فیملی ڈاکٹرز مدد کے لیے تیار ہیں اور وفاقی وزیر صحت نے کہا ہے کہ کورونا کے خلاف ویکسین کی مہم تیز تر ہو جائے گی۔یورپ کی اقتصادی شہ رگ سمجھے جانے والے جرمنی کو کورونا کی وبا نے کئی اعتبار سے نقصان پہنچایا ہے۔ جرمنی عام طور پر سماجی سہولیات کی فراہمی، فلاحی امدادی کاموں اور مشینوں کی ایجاد کے علاوہ طبی شعبے میں ہونے والی نت نئی ریسرچ کے میدان میں بھی نہ صرف یورپ بلکہ دنیا بھر میں معتبر اور با صلاحیت ملک سمجھا جاتا ہے۔ گزشتہ برس سے لے کر رواں سال کی پہلی سہ ماہی تک دنیا کے دیگر خطوں اور ممالک کی طرح جرمنی کو بھی کورونا کی وبا کے پھیلاؤ نے بہت منفی انداز میں متاثر کیا۔ اب تک عام خیال یہ تھا کہ یہ ملک اپنے ہاں کورونا کی وبا سے اچھی طرح نمٹ لے گا اور شہریوں کو موذی عارضے کووڈ19سے بچانے کے لیے ضروری طبی سہولیات کی فراہمی میں تیز رفتار اور ٹھوس اقدامات کرے گا۔ لیکن بد قسمتی سے اب تک کی صورت حال اس کے برعکس نظر آتی ہے۔