جسیوال اور کین آئی سی سی ایوارڈ کیلئے نامزد

   

نئی دہلی۔ ہندوستان کے ان فارم اوپنر یاشاسوی جیسوال کو نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن اور سری لنکا کے پاتھم نسانکا کے ساتھ فروری 2024 کے آئی سی سی مینز پلیئر آف دی منتھ ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔ جیسوال کو انگلینڈ کے خلاف ٹسٹ میں کامیاب ترین مہینے کے بعد پہلی مرتبہ آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ ایوارڈز میں نامزد کیا گیا ہے۔ حیدرآباد ٹسٹ 28 رنز سے ہارنے کے بعد ہندوستان 1-0 سے پیچھے تھا، لیکن جیسوال کی شاندار فارم کی بدولت اس خسارے کو ختم کیا گیا۔ اوپنر نے وشاکھاپٹنم اور راجکوٹ میں متواتر ڈبل سنچریاں بنائی بعد میں ایک ٹسٹ اننگز میں 12 چھکوں کے ساتھ زیادہ چھکوں کا ریکارڈ برابر کیا۔ 22 سالہ جیسوال نے فروری میں 112 کی اوسط سے 560 رنز بنائے۔ 22 سال اور49 دن کی عمر میں متواتر ڈبل سنچریوں نے انہیں سر ڈونلڈ بریڈمین اور ونود کامبلی کے بعد ٹسٹ میں دو ڈبل سنچریاں بنانے والا دنیا کا تیسرا کم عمر ترین بیٹر بنا دیا۔ جیسوال آئی سی سی ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ 2023-25 سائیکل میں سب سے زیادہ رنز بنانے والوں کی فہرست میں بھی اوپر پہنچ گئے ہیں۔ دوسری جانب، ولیمسن کو مارچ 2023 کے بعد پہلی بار اس اعزاز کے لیے نامزد کیا گیا ہے ۔ ولیمسن نے فروری کے دوران دو ٹسٹ میچوں میں 403 رنز بنائے اور سیریز کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا، انہوں نے ماؤنٹ مونگانوئی (118 اور 109رنز) کے پہلے ٹسٹ میں ہیملٹن میں دوسری اننگز میں 133 رنز بنانے سے قبل دو سنچریاں اسکور کیں اور میزبان ٹیم کو267 رنز کا تعاقب کرنے میں مدد دی۔ دریں اثنا نسانکا نے افغانستان کے خلاف سری لنکا کے حالیہ تین ونڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے ملک کے لیے پالی کیلے میں پہلی ونڈے ڈبل سنچری 139 گیندوں میں 210 ناٹ آؤٹ بنائے۔