جشن کیساتھ کسانوں کی دہلی سے گھرواپسی کا آغاز

,

   

دہلی بارڈرس سے لوٹنے پر کسانوں کا استقبال کر نے چیف منسٹر پنجاب کا اعلان
نئی دہلی : تحریک کی کامیابی اور حکومت کی جانب سے مطالبات کی تکمیل کے وعدہ پر کسانوں نے دہلی کی سرحدوں سے اپنی کامیابی کا جشن مناتے ہوئے گھر واپسی کا آغاز کردیا ہے ۔جئے جوان ‘جئے کسان کے نعروں کے ساتھ کسان گھروں کو واپس ہورہے ہیں ۔دوسری طرف چیف منسٹرپنجاب چرنجیت سنگھ چنّی نے کہا کہ ریاستی حکومت دہلی کی سرحد سے لوٹنے پر کسانوں کا استقبال کرے گی، جہاں انھوں نے تینوں زرعی قوانین کے خلاف سال بھر احتجاجی مظاہرہ کیا تھا۔چیف منسٹرٰ نے کسانوں، زرعی مزدوروں اور ان کے لیڈروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ لوگوں کی جیت ہے اور سماج کے مختلف طبقوں کا اتحاد ہے جس نے مرکز کو سخت سیاہ قوانین کو واپس لینے کے لیے مجبور کیا ہے۔چنّی نے کہا کہ تقریباً ایک سال تک کسانوں کے مطالبات پر دھیان نہیں دینے کے باوجود بی جے پی قائدین اب کسانوں کی جیت کو اپنے فائدے میں استعمال کرنا چاہتے ہیں اور پنجاب کے آئندہ اسمبلی انتخاب میں اسے الیکشن کارڈ کی شکل میں استعمال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ کسان اور ملک کے عوام مرکز کی نریندر مودی اور اس کے قائدین کے ذریعہ صبر کا امتحان لیے جانے کو کبھی معاف نہیں کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ یہ کسانوں کے لیے آسان جیت نہیں تھی کیونکہ انھیں مرکز کے تکبر کی بھاری قیمت ادا کرنی پڑی۔ اس تحریک کے دوران 700 سے زیادہ کسانوں کی جان چلی گئی ہے۔ چنّی نے کہا کہ ان کی حکومت نے 350 مہلوک کسانوں کے افراد خاندان کو ملازمت اور مالی امداد بھی دی ہے۔