جعلی دستخطوں کے ساتھ تلگودیشم امیدواروں کے پرچہ جات سے دستبرداری، صدر تلگودیشم چندرا بابو نائیڈو کا الزام

   

حیدرآباد۔/9 نومبر، ( سیاست نیوز) صدر قومی تلگودیشم این چندرا بابو نائیڈو نے الزام عائد کیا کہ مجالس مقامی کے انتخابات میں تلگودیشم امیدواروں کی جعلی دستخط کے ذریعہ پرچہ جات نامزدگی سے دستبرداری اختیار کی جارہی ہے۔ اس سازش کے پس پردہ برسراقتدار وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے قائدین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجالس مقامی کے چناؤ میں شکست کے خوف سے وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے بے قاعدگیوں کو عروج پر پہنچادیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن سے بارہا نمائندگی کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ کپم میونسپلٹی کے 3 وارڈس میں جعلی دستخطوں کے ساتھ تلگودیشم امیدواروں کے پرچہ جات نامزدگی واپس لئے گئے۔ اس سلسلہ میں الیکشن حکام سے نمائندگی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ بلا مقابلہ انتخاب کیلئے وائی ایس آر کانگریس پارٹی اس طرح کی غیر جمہوری حرکتوں پر اُتر آئی ہے۔ الیکشن کمیشن سے ان معاملات کی جانچ کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو آزادانہ اور منصفانہ رائے دہی یقینی بنانے کیلئے فوری حرکت میں آنا چاہیئے۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ پولیس کی مدد سے اپوزیشن امیدواروں کو ہراساں کیا جارہا ہے۔ ر