جمعیت علماء یوتھ کلب کے’مدنی یوتھ سینٹر‘کا سنگ بنیاد

,

   

جمعیت علماء ہند یوتھ کلب کے مدنی یوتھ سینٹر کا گاؤں کیندوکی میں علماء کے ہاتھوں سنگ بنیاد رکھا گیا۔ اس کے ذریعے بچوں کو تربیت دے کر انہیں ملک اور معاشرے کی خدمت کے لیے تیار کیا جائے گا۔ ملک کے مسلمانوں کی سب سے بڑی تنظیم جمعیت علمائے ہندکی دیوبند کے گاؤں کیندوکی میں 25 ایکڑ اراضی پر مدنی یوتھ سنٹر قائم کرنے کی تجویز ہے۔ جس کا تعمیراتی کام جمعرات سے شروع ہو چکا ہے۔مذکورہ سینٹر کا سنگ بنیاد دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی اور جمعیت کے قومی صدر مولانا محمود مدنی کے ہاتھوں رکھا گیا۔ اس موقع پر مولانا محمود مدنی نے بتایا کہ جمعیت یوتھ کلب کے اس سینٹر پر ملک بھر کے بچوں کو اسکاؤٹ گائیڈ کی تربیت دی جائے گی۔ جمعیت یوتھ کلب گزشتہ کئی سالوں سے مسلسل قوم اور معاشرے کی خدمت کر رہا ہے اور ہر مشکل وقت میں ہر ضرورت مند کے ساتھ بلا امتیاز کھڑا ہے۔