جم کی آج سے کشادگی ،عوام پرجوش اور ملازمین کو راحت

   

حیدرآباد۔ان لاک 3 جس کا نفاذ یکم اگسٹ سے ہی ہوچکا ہے جس کے تحت رات کے کرفیو کو برخاست کرنے کے علاوہ جم اور یوگا مراکز کو کھولنے کی اجازت دی گئی ہے جس کے تحت شہر حیدرآباد کے جمس میں گزشتہ چند دنوں سے نہ صرف صاف صفائی کا کام جاری ہے بلکہ سارے مراکز کو سینٹائز بھی کیا جارہاہے۔حیدرآباد میں 5 اگسٹ سے جم اور یوگا سنٹرز کوکھولا جارہا ہے۔کورونا وبا کی وجہ سے ہندوستان بھر میں 22 مارچ کو لاک ڈاؤن کا آغاز ہوا تھا اور مختلف ریاستوں میں کورونا کے معاملات پر قابو پائے جانے کے بعد لاک ڈاؤن کو ختم کرنے کیلئے مرکزی حکومت نے ان لاک کو مراحل وار نافذ کرنا شروع کیا ہے اوران لاک کے تیسرے مرحلے کے تحت جم اور یوگا سنٹرز کو اپنی خدمات بحال کرنے کی اجازت دی گئی اور اب 5 اگسٹ سے شہرحیدرآباد میں جمس اور یوگا سنٹر ز کو کھولنے کی تیاریاں عروج پر پہنچ چکی ہیں۔میڈیا نمائندے سے اظہار خیال کرتے ہوئے ٹرانسفارم فٹنس ہب جم کے بانی اور جم ٹرینرشیخ احمد حسین نے کہا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے جم کو بند کرنے سے نہ صرف عوام کو اپنی فٹنس برقرار رکھنے میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑا تھا بلکہ جم کے مالکین اور ملازمین کیلئے روزی روٹی کے بھی لالے پڑگئے تھے لیکن اب جبکہ 5 اگسٹ سے جم کی کشیدگی عمل میں لائی جارہی ہے تو اس عوام اور ملازمین دونوں نے راحت کی سانس لی ہے۔احمد حسین نے مزید کہا کہ ویسے تو جم کیلئے حکومت اور انتظامیہ کی جانب سے مخصوص قواعد و ضوابط کا اعلان نہیں کیا گیا ہے لیکن عوامی مقامات کیلئے جو ضوابط ہیں اس کی روشنی میں جم کیلئے خاص قواعد و شرائط مقرر کئے گئے ہیں۔ جم میں ورزش کے دوران جن قواعداور شرائط کی پابندی ضروری ہوگی اس کے متعلق کہا کہ جم میں داخل ہونے سے پہلے ہر ایک کا جسمانی درجہ حرارت کا معائنہ ہوگا۔داخل ہونے سے قبل ہاتھوں کیلئے دستانے دئیے جائیں گے جو صرف ایک مرتبہ قابل استعمال ہوں گے۔جم کی گنجائش کی اعتبار سے بیک وقت صرف 20 افراد کو ہی ورزش کی اجازت ہوگی اور ان میں بھی سماجی فاصلہ برقرار کھا جائے گا۔چہرے کے ماسک کا استعمال ہر حال میں ضروری ہوگا جبکہ ہر کسی کو پانی کا اپنا بوتل لانا ہوگا۔جم کو وائرس سے محفوظ بنانے کیلئے ہر سیشن کے بعد سینٹائز کیا جائے گا۔جم میں سینٹائز نگ کا عام انتظام ہونے کیعلاوہ ورزش کیلئے آنے والے ہر فرد کو خود کا سینٹائز ساتھ لانے کی ہدایت دی جارہی ہے۔دوسری جانب جمس کی کشیدگی سے عوام میں جوش وخروش کا ماحول دیکھائی دے رہا ہے ۔اس ضمن میں اظہار خیال کرتے ہوئے شہر کے مشہور اور حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن کے سابق فزیووٹرینر محمد اظغرالدین نے کہا کہ عوام کو کافی دنوں سے انتظار تھا کہ فٹنس سنٹرز کی کشادگی کب ہوگی کیونکہ کورونا کے خلاف قوت مدافعت کو کافی اہمیت دی جانے لگی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کورونا کی وجہ سے عوام میں اپنی صحت اور خاص کر قوت مدافعت کو مستحکم کرنے کا شعور بیدار ہوا ہے اور اب جبکہ جمس اور یوگا سنٹرز کی کشادگی ہورہی ہے تو عوام ورزش کی طرف زیادہ دوڑیں گے۔فزیو اظغر کا ماننا ہے کہ کورونا سے پہلے اور کورونا کے بعد اب حیدرآبادی عوام کی طرز زندگی میں واضح فرق دیکھائی دے گا کیونکہ جو لوگ کورونا سے پہلے صحت کے متعلق اتنے فکرمند نہیں رہتے تھے وہ لاک ڈاؤن کے دوران ہی صبح چہل قدمی اور جاگنگ میں مصروف دیکھائی دئے جن میں بیشتر افراد کو جم کھلنے کا منتظر پایا گیا۔