میلبورن۔ عالمی نمبر ایک ٹینس کھلاڑی نوواک جوکووچ اس سال اپنے آسٹریلین اوپن کے خطاب کا دفاع نہیں کر پائیں گے کیونکہ آسٹریلیا کے امیگریشن وزیر الیکس ہاک نے جمعہ کی سہ پہر ان کا ویزا منسوخ کر دیا ہے۔نو مرتبہ کے آسٹریلین اوپن چمپئن جوکووچ جنہوں نے 2019 سے میلبورن پارک میں لگاتار خطابات جیتے ہیں ان کو ابتدائی طور پر ٹورنمنٹ میں حصہ لینے کے لیے طبی چھوٹ دی گئی تھی۔20 گرانڈ سلام خطابات جیتنے والے 34 سالہ جوکووچ نے اس ہفتے کے شروع میں آسٹریلیا میں رہنے کی اپنی قانونی جنگ جیت لی تھی، عدالت نے انہیں امیگریشن حراست سے فوری رہائی کا حکم دیا تھا۔ تاہم وفاقی حکومت کے وکلاء نے عدالت کو بتایا تھا کہ ملک کے امیگریشن وزیر جوکووچ کا ویزا دوبارہ منسوخ کرنے کے لیے اپنے ذاتی اختیارات استعمال کرنے کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔ہاک نے جمعہ کے روز جوکووچ کو دیاگیا ویزا منسوخ کرنے کے لیے اپنے صوابدیدی اختیارات کا استعمال کیا، جس نے عوام کی حفاظت اور اپنی صحت کے مفاد میں ٹیکہ لینے کے مطالبے کے باوجود اپنی کورونا ویکسینیشن کا موقف ظاہر نہیں کیا۔