جگت گیری گٹہ‘ سائبر آبادمیں ایک نوجوان کا قتل

   

حیدرآباد 11 مئی (سیاست نیوز) سائبرآباد کے علاقہ جگت گیری گٹہ میں ایک نوجوان کا قتل کردیا گیا۔ تعاقب کرکے شرپسند عناصر نے گروپ کی شکل میں حملہ کیا اور اس حملہ میں فیاض ہلاک ہوگیا۔ لاک ڈاؤن میں گروپ کی شکل میں حملہ تشویش اور علاقہ میں دہشت کا سبب بن گیا۔ حملہ آوروں میں 4 کی شناخت پرشانت، ٹلو، سائی اور نریش کی حیثیت سے کرلی گئی ۔ جہاں ایک طرف لاک ڈاؤن کے سبب سڑکوں پر بے جا گھومنے پر پولیس کارروائی کررہی ہے ایسی صورت میں ہجوم کی جانب سے تعاقب کرکے حملہ کرنا پولیس کی چوکسی پر سوالیہ نشان ہے۔ عینی شاہدین و مقامی عوام کے مطابق یہ حملہ ہجومی تشدد کا منظر پیش کررہا تھا جہاں فیاض کا تعاقب کرکے اُسے عوام کے درمیان پتھروں سے حملہ کا نشانہ بنایا گیا اور ہلاک کردیا گیا۔ فیاض بنجارہ ہلز کا ساکن تھا جو شاہین نامی خاتون سے ملاقات کیلئے جگت گیری گٹہ آتا تھا۔ پولیس کے مطابق فیاض اور شاہین کے درمیان لیونگ ریلیشن تھے اور حملہ آور و فیاض کے درمیان مخاصمت تھی۔ اطلاع کے ساتھ پولیس مقام پر پہونچی ۔ اے سی پی بالا نگر پرشوتم نے بتایا کہ حملہ آوروں کی تلاش کیلئے خصوصی ٹیموں کو تشکیل دیا گیا ہے اور پولیس مصروف تحقیقات ہے۔