حیدرآباد۔/14 جنوری، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھرا پردیش وائی ایس جگن موہن ریڈی نے سنکرانتی کے موقع پر تاڑے پلی گوڑم میں واقع کیمپ آفس میں منعقدہ تقاریب میں حصہ لیتے ہوئے عوام کو یقین دلایا کہ ان کی حکومت ہر گھر ترقی اور فلاح و بہبود کے ثمرات کو پہنچانے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھے گی۔ جگن موہن ریڈی نے مختلف اسکیمات سے متعلق قائم کردہ اسٹالس کا معائنہ کیا اور کہا کہ سنکرانتی آندھرا پردیش کی عوام کیلئے ترقی و خوشحالی کا پیام لائے گی۔ انہوں نے اپنی شریک حیات بھارتی کے ساتھ سنکرانتی تقاریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر خصوصی پوجا کی گئی اور بعد میں انہوں نے پارٹی قائدین اور عوام سے ملاقات کی۔ تروملا تروپتی دیواستھانم کے پجاریوں نے روایتی انداز میں استقبال کیا۔ چیف منسٹر نے عوام کو یقین دلایا کہ دوبارہ برسراقتدار آنے پر ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات کا سلسلہ جاری رہے گا۔ اس موقع پر ڈپٹی چیف منسٹرس کے ست نارائنا ، نارائن سوامی، ریاستی وزراء کے سریش، گورنمنٹ وہپ بھاسکر ریڈی، ارکان پارلیمنٹ، ارکان اسمبلی و کونسل اور اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔1