رانچی، 16 ستمبر (یواین آئی) جھارکھنڈ کے دارالحکومت رانچی کے دھوروا میں واقع جھارکھنڈ پولس ہیڈ کوارٹر کے ڈیٹا سینٹر میں کل دیر رات لگی آگ میں وہاں رکھا اہم سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔ پولیس ہیڈ کوارٹر کے ڈیٹا سنٹر کے اوپر واقع ڈیولپمنٹ روم میں لگنے والی آگ نے زور پکڑ لیا تاہم فوری طورپر فائر بریگیڈ کی ٹیم کے پہنچنے سے بڑا حادثہ ٹل گیا۔ پولیس نے بتایا کہ شاید آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی ہے ۔ اس آگ میں 40 کمپیوٹر اور10 اے سی مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو گئے۔ باقی نقصان کا ابھی اندازہ لگایا جا رہا ہے۔ ڈیٹا سنٹر میں آگ لگنے سے پولیس کی کارروائیوں میں پریشانی پیدا ہوگئی ہے ، کیونکہ یہ جگہ کئی اہم دستاویزات اور ڈیجیٹل ڈیٹا کا مرکز ہے ۔ غور طلب ہے کہ جھارکھنڈ پولیس ہیڈ کوارٹر کے لیے یہ پہلا واقعہ نہیں ہے ۔ اس سے قبل بھی اس ہیڈ کوارٹر میں آتشزدگی کے دو سنگین واقعات ہوچکے ہیں۔
16 نومبر 2018 کو پہلی بار پولیس ہیڈ کوارٹر کے گراؤنڈ فلور پر واقع کانفرنس ہال میں آگ لگی تھی جس میں کئی دستاویزات، فرنیچر اور کمپیوٹر جل گئے ۔ اس واقعے میں ایک پولیس اہلکار کی ٹانگ بھی ٹوٹ گئی تھی۔