جھارکھنڈ کے وزیر اقلیتی بہبود حفیظ الحسن کی طبیعت بگڑی

   

چیف منسٹر ہیمنت سورین عیادت کیلئے ہاسپٹل پہنچ گئے
رانچی، 28 اگست (یو این آئی) جھارکھنڈ کے اقلیتی بہبود کے وزیر حفیظ الحسن کی طبیعت آج اچانک خراب ہوگئی۔ وزیر حفیظ الحسن کو رانچی کے پارس اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ۔ چار وزراء حفیظ الحسن کو ساتھ لے کر اسپتال پہنچے ۔ جھارکھنڈ اسمبلی کی کارروائی جاری ہے اور اس دوران جھارکھنڈ حکومت کے وزیر حفیظ الحسن کی طبیعت بگڑ گئی۔ انہیں فوری طور پر پارس اسپتال لے جایا گیا۔ وزیر کی بگڑتی ہوئی صحت کی خبر ملتے ہی ریاست کے کئی سینئر وزراء اور ایم ایل اے اسپتال پہنچ گئے ہیں۔وزیر صحت عرفان انصاری، وزیر زراعت شلپی نیہا ترکی سمیت کئی لوگ وزیر کی صحت کے بارے میں معلومات لینے اسپتال میں ہیں۔ اس کے بعد وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین بھی حفیظ الحسن کو دیکھنے پارس اسپتال پہنچے ۔ واضح رہے کہ حفیظ الحسن کا جون میں دہلی میں دل کا بائی پاس آپریشن ہوا تھا۔ اس کے بعد ڈاکٹروں نے انہیں آرام کا مشورہ دیا تھا۔ فی الحال میڈیکل ٹیم ان کی حالت پر نظر رکھے ہوئے ہے اور علاج جاری ہے ۔

کپاس پر درآمدی ڈیوٹی کی رعایت میں 31 دسمبر تک توسیع
نئی دہلی ، 28 اگست (یو این آئی) مرکزی حکومت نے کپاس پر درآمدی ڈیوٹی پر رعایت میں 31 دسمبر تک توسیع کا اعلان کیا ہے ۔ برآمد کنندگان کو مزید مدد فراہم کرنے کیلئے مرکزی حکومت نے کپاس پر درآمدی ڈیوٹی کی رعایت کو 30 ستمبر سے بڑھا کر 31 دسمبر کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ یاد رہے کہ گھریلو ٹیکسٹائل صنعت کے شعبے کیلئے کپاس کی دستیابی بڑھانے کیلئے مرکزی حکومت نے 19 اگست تا30 ستمبر کپاس پر درآمدی ڈیوٹی میں عارضی چھوٹ دی تھی ۔

وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ اس نوٹیفکیشن پر عمل کیا جائے گا ۔
یہ بھی قابلِ ذکر ہے کہ امریکہ میں ہندوستانی مصنوعات پر بھاری درآمدی ڈیوٹی لگائے جانے کے بعد حکومت مقامی صنعتوں پر اس کے اثرات کم کرنے کے لئے مختلف اقدامات کر رہی ہے ۔